پاکستان رگبی ٹیم ایشین گیمز رگبی سیونز ایونٹ میں شرکت کیلئے کوریا پہنچ گئی

پاکستان رگبی ٹیم ایشین گیمز رگبی سیونز ایونٹ میں شرکت کیلئے کوریا پہنچ گئی

  

لاہور ( سپورٹس رپورٹر )پاکستان رگبی ٹیم انچیون ایشین گیمز رگبی سیونز ایونٹ میں شرکت کیلئے کوریا پہنچ گئی۔ پاکستان رگبی ٹیم میں 12 کھلاڑی اور تین آفیشلز شامل ہیں۔آج 30 ستمبر کو پاکستانی ٹیم پہلا میچ ہانگ کانگ اور دوسرا میچ چین کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان رگبی ٹیم کے کپتان سائر ریاض نے کہا کہ ٹیم کے کھلاڑی بھرپور فارم میں ہیں۔ ہانگ کانگ اور چین ایشیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہیں۔ مشکل حریف کے خلاف لڑکے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ پاکستان رگبی یونین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے نامساعد حالات میں بھی لڑکوں کو انٹرنیشنل تجربہ دلانے کیلئے کوریا بھیجا۔ لڑکے پاکستان رگبی یونین اور قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ پاکستان رگبی ٹیم کے کوچ رضوان ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی بخیریت کوریا پہنچ گئے ہیں اور پہلے روز پریکٹس سیشن میں شرکت بھی کی ہے۔ تمام کھلاڑی فٹ ہیں اور پرفارم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ یکم اکتوبر کو پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا میچ فلپائن سے کھیلے گی۔ پھر مختلف پوزیشنز کے میچوں میں شرکت کرے گی۔ واضح رہے کہ رگبی سیونز ایونٹ میں ایشیا کی بہترین 12 ٹیموں کو ایونٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ بھارتی ٹیم کی غیرموجودگی میں سعودی عرب کی ٹیم ایونٹ میں شامل ہوگئی تھی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -