ایشین گیمز میں ہاکی ایونٹ کے سیمی فائنلز آج کھیلیں جائیں گے
انچیون(آن لائن) ایشین گیمز میں ہاکی ایونٹ کے سیمی فائنلز آج کھیلیں جائیں گے۔ دفاعی چیمپئین پاکستان کا مقابلہ ملائیشیا جبکہ بھارتی ٹیم جنوبی کوریا سے ٹکرائے گی۔ ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم ناقابل شکست ہے۔گولڈ میڈل صرف دو فتوحات کی دوری پر ہے۔ گرین شرٹس نے تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔ پاکستان نے لیگ راو¿نڈ میں سری لنکا، چین، روایتی حریف بھارت اور اومان کو زیر کیا۔ اب امتحان کی گھڑی آگئی ہے۔مقابلہ ملائیشیا سے ہے اورایک شکست تمام کامیابیوں کو بے معنی بنادے گی ،ملائیشیا دوہزار دس کے ایشین گیمز کے فائنل کی شکست کا بدلہ لینے کے لئے بے تاب ہے۔ ادھرپاکستانی کھلاڑی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہیں، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے شروع ہوگا،ادھر دوسرے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم سخت حریف جنوبی کوریا کے مدمقابل آئے گی، بھارت انیس سو اٹھانوے کے بعد سے اب تک ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل نہیں کرسکا ہے۔ بھارت نے چین کو دو صفر سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔