نئی ٹیکسٹائل پالیسی کا اعلان عیدکے بعد کیا جائےگا، عباس خان آفریدی
لاہور( اے پی پی )وفاقی وزیر برائے ٹیکسٹائل انڈسٹریز عباس خان آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت نئی ٹیکسٹائل پالیسی تیار کر رہی ہے جس کا اعلان عیدلاضحی کے بعد کیا جائے گا اور نئی ٹیکسٹائل پالیسی پر نئے مالی سال سے عملدرآمد ہو گا۔بجٹ میں ٹیکسٹائل سیکٹر کے لئے کا فی مراعات رکھی گئی ہیں جس سے نہ صرف برآمدت میں اضافی ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔وہ مقامی ہوٹل میں آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)کے سالانہ جنرل ممبرز اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر عباس خان آفریدی نے کہا کہ آئل اینڈ گیس کی تلاش کے لئے 56 کمپنیاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں، بجٹ ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ افراد کی مشاورت سے بنتا ہے اور بعد ازاں احتجاج بھی یہی لوگ کرتے ہیں؛
‘بجٹ میں پیکج ٹیکسٹائل اور ویلیو ایڈڈ والوں کے لئے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش‘بھارت اور چین ٹیکسٹائل سیکٹر میں ہم سے بہت آگے ہیں،آئندہ سردیوں میںگیس بند نہیں ہوگی اور نہ ہی پنجاب کو متا ثر ہونے دیا جائے گا‘مشکلات کا ازالہ کرنا میری وزارت کا فرض ہے جب تک ہم پاکستان کی فکر نہیں کریں گے تب تک ملک میں ترقی نہیں ہو گی۔ پاکستان ہم سب کی شناخت ہے‘اللہ تعالی نے پاکستان کو تمام نعمتوں سے مالا مال کیا ہے تاہم اس کے باوجود ہم بے سکونی کی زندگی گزار رہے ہیں‘جب تک ہم نے خود کی اصلاح نہ کی تب تک ملک اور معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا جب تک ایشوز کو حل نہیں کریں گے تب تک آگے کیسے بڑھیں گے۔جب زمیندار کمائے گا تو سب کمائیں گے ہمیں مل کر مشکلات اور مسائل کا خاتمہ کرنا ہو گا۔نظام غلط ہم خود کرتے ہیں‘بہت آسان ہے دوسروں پر تنقید کرنا ہے مشکل کام ہے اپنی اصلاح کرنا۔انہوں نے کہا جس ملک میں وقت کی قدر نہ ہو وہ ملک ترقی نہیں کر سکتا ہمیںوقت کی قدر کرنا ہو گی۔ 68 سالوں سے ہم ایک دوسرے پر تنقیدکر رہے ہیں جبکہ اصلاح کے بغیر انقلاب برپا نہیں ہو سکتا۔وفاقی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دھرنے دینا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے تاہم ایسے دھرنے نہ ہوں جس سے معیشت کو نقصان پہنچے۔قبل ازیں (اپٹما) کے نومنتخب چیئرمین انیس موتی والا نے مذکورہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹرمیں دیرینہ اور پچیدہ مسائل حل طلب ہیں اور ہمیں مل کر مسائل کو خلوص دل سے ختم کرنا ہوگا۔تقریب سے دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر ٹیکسٹائل عباس خان آفریدی نے نومنتخب اور سبکدوش ہونے والے عہدیداران میں شیلڈ بھی دی گئیں۔