پی ٹی سی ایل دفتر کی آگ:بحالی کا کام جلد کریں

پی ٹی سی ایل دفتر کی آگ:بحالی کا کام جلد کریں

  

پی ٹی سی ایل کے ریجنل دفتر کی بالائی تین منزلوں پر آتشزدگی کے باعث آلات جل گئے اور شہر کے ایک لاکھ سے زیادہ ٹیلیفون خاموش اور انٹرنیٹ بھی بند ہو گئے حتی کہ موبائل کا نظام او راے ٹی ایم بھی متاثر ہوئے اور لوگوں کو بہت زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کریڈٹ کارڈ بھی قبول نہیں کئے جا رہے تھے۔ محکمہ کے مطابق دوسرے ٹیلیفون ایکسچینج(گارڈن ٹاؤن) سے بحالی کی کوشش کی جا رہی ہے۔ رپورٹ ہے کہ اس سے کروڑوں کا نقصان ہوا ۔اس حادثے کی وجہ سے دو اہم امور پر غور لازم ہے ایک تو ریسکیو کی کارکردگی کہ اب قدرے بہتر انتظام ہونے کے باوجود فائر بریگیڈ والے شعبہ کے پاس شارٹ سرکٹ سے لگی آگ اور مواصلاتی آلات سے متاثر ہونے کی صورت میں آگ بجھانے والا فوم یا کیمیکل نہیں ہوتا کہ کیمیکلز اور مواصلاتی آلات کو لگی آگ پانی سے بجھتی نہیں اور بھڑکتی ہے۔ اس لئے حکومت کو فوراً اس طرف توجہ دینا ہو گی اور فائر بریگیڈ کو تمام سہولتوں سے لیس کر کے عملے کو تربیت بھی دینا ہو گی۔

دوسری اہم بات یہ ہے کہ جب کبھی ایسا حادثہ ہوتا ہے تو تحقیقات کے نام پر اس حصے کو متروک قرار دے کر چھوڑ دیا جاتا اور کئی کئی ماہ اس کی مرمت یا بحالی نہیں ہو پاتی، اس سلسلے میں ہونا تو یہ چاہئے کہ جو شواہد مقصود ہوں وہ فوری طور پر حاصل کر لئے جائیں اور تحقیقات کا عمل اپنی جگہ ہوتا رہے۔ پہلے نقصان کا ازالہ کر دیا جائے اور مرمت یا بحالی کا کام جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام اس سے مستفید ہوں یہ نہیں کو متبادل انتظام کر کے عوام کو نقائص سے بھرپور نظام مہیا کر دیا جائے اور بحالی کا کام لٹکتا رہے۔ حکومت کو اس طرف توجہ دینا ہو گی۔ ایل ڈی اے کی مرکزی بلڈنگ سمیت کئی اور حادثات کی مثال دی جا سکتی ہے۔

مزید :

اداریہ -