پنجاب یونیورسٹی اور انجمن ہلال احمر کے مابین رضاکاروں کی فورس کے قیام کےلئے معاہدہ

پنجاب یونیورسٹی اور انجمن ہلال احمر کے مابین رضاکاروں کی فورس کے قیام کےلئے ...

  

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی اور انجمن ہلال احمر کے مابین قدرتی آفات سے نبٹنے کے لئے وسیع پیمانے پر نوجوان رضاکاروں کی تربیت یافتہ فورس کے قیام کے لئے معاہدہ طے پا گیا ہے معاہدے کے تحت پنجاب یونیورسٹی کے تقریباََ 35 ہزار طلباءو طالبات اور ملازمین اس فورس کے ممبر ہوں گے۔ معاہدے پر دستخطوں کی تقریب انڈرگریجوایٹ سڈیز کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران، چیئرمین انجمن ہلال احمر پاکستان ڈاکٹر سعید الہیٰ،سینئر بشمول صحافی مجیب الرحمان شامی، سہیل وڑائچ،عطا الرحمان، ڈاکٹر اجمل نیازی، اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن صدر ڈاکٹر احسان شریف، پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹر ماریہ مالڈوناڈو، پروفیسر ڈاکٹر عامر اعجاز کے علاوہ انجمن ہلال احمر کے نمائندگان و دیگر بھی موجود تھے معاہدے پر دستخطوں کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ ملک کو جب بھی قدرتی آفات درپیش آئیں، پنجاب یونیورسٹی کے طلباءو طالبات نے مشکل وقت میں ہم وطنوں کا بھرپور ساتھ دیا اور مثالی کردار ادا کیاانہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کی خدمت کرنے کےلئے بے تاب ہے انہیں صرف مناسب پلیٹ فارم مہیا کرنے کی ضرورت ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ معاہدے سے پنجاب یونیورسٹی کے طلباءو طالبات کو انسانیت کی خدمت کا بہترین موقع میسر آئے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سعید الہی نے کہا کہ انجمن ہلال احمر پچاس لاکھ رضاکاروں کی فورس تیار کرنے کاہدف حاصل کرنا چاہتی ہے اس سلسلے میں سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کی سطح پر نئے یوتھ کلبز قائم کئے جا رہے ہیںاور فرسٹ ایڈ ، ہنگامی حالات اور قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نبٹنے کی ٹریننگ بھی دی جا رہی ہے۔ حال ہی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور روٹس میلینیم سکولز سے بھی معاہدے کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تا حال سولہ لاکھ 65 ہزار رضاکار بھرتی کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر مزید رضاکاروں کی بھرتی کے لئے ڈاکٹر مجاہد کامران کی کوششوں کی تعریف کی۔ معاہدے کے مطابق انجمن ہلال احمر پنجاب یونیورسٹی کے طلباءو طالبات کو ہنگامی حالات سے نبٹنے کے لئے ٹریننگ سیشنز ، سیمینار، ورکشاپس اور کیمپس کا انعقاد کرائے گی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -