پیپلز پارٹی 18اکتوبر کو مزار قائد پر سیاسی طاقت کا مظاہرہ کریگی،بلاول بھٹو کی زیرصدارت کورکمیٹی اجلاس میں فیصلہ
کراچی (اے این این )پیپلز پارٹی نے کراچی میں 18اکتوبر کو اپنی طاقت دکھانے کا فیصلہ کیا ،مزار قائد پر ہونے والے اجتماع میں پیپلز پارٹی کی قیادت بھرپور شرکت کرے گی۔ پیرکو پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹوزرداری کے زیر صدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس بلاول ہاﺅس میں ہوا جس میں سابق وزرائے اعظم اور دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی۔ اجلاس میں 18 اکتوبر کے جلسے کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاستدانوں کو اپنی تقاریر میں سیاسی اقدار کو پامال نہیں کرنا چاہئے۔ جواب دینا ہم بھی جانتے ہیں اور ہم 18 اکتوبر کو مزار قائد پر اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کریں گے اور بتائیں گے کہ عوام میں ہماری مقبولیت کیا ہے ۔ اجلاس کے بعد سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر رہنماﺅں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جب محترمہ بینظیر بھٹو کو ٹارگٹ بنایا گیا اور سینکڑوں لوگ شہید ہو گئے۔ اسی جگہ سے بلاول بھٹو شہید محترمہ بے نظیر کا ادھورا سفر شروع کریں گے۔ بلاول بھٹو نوجوانوں کے اصل قائد ہیں وہ جمہوریت اور پاکستان کو مستحکم کرنے کے لئے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے وژن کے مطابق عمل کریں گے۔