احمد خان بھچر کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کیخلاف سپیکرپنجاب اسمبلی کو نوٹس

احمد خان بھچر کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کیخلاف سپیکرپنجاب اسمبلی کو نوٹس

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی ) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے ایم پی اے احمد خان بھچر کا استعفیٰ منظور کروانے اور پی پی 45میانوالی میں دوبارہ انتخابات کرانے کی درخواست پر سپیکرپنجاب اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے پی پی 45میانوالی سے ووٹر عبدالرحمان کی درخواست پر سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے احمد خان بھچر نے 27اگست کو پی پی 45میانوالی کی نشست سے اپنی رضامندی کے ساتھ استعفیٰ دیدیا مگر سپیکر پنجاب اسمبلی یہ استعفیٰ منظور نہیں کر رہے ،انہوں نے بتایا کہ آئین کے آرٹیکل چونسٹھ کے تحت رضامندی سے دیا گیا استعفیٰ واپس نہیں لیا جا سکتا اور یہ منظور تصور کیا جاتا ہے، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت کسی بھی حلقے کو عوامی نمائندگی سے محروم نہیں رکھا جا سکتا جبکہ پی پی 45کی نشست تقریباً ایک ماہ سے خالی ہے ، درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپیکرپنجاب اسمبلی کو ایم پی اے احمد خان بھچر کا استعفیٰ منظور کرنے اور الیکشن کمیشن کو پی پی 45میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے، عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد سپیکر پنجاب اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 اکتوبر تک جواب طلب کر لیا۔

احمد خان بھچر

مزید :

علاقائی -