48 گھنٹے گزر نے کے باوجود ٹیلی فونز اور انٹرنیٹ سسٹم بحال نہ ہوسکا
لاہور ( خبرنگار) پی ٹی سی ایل حکام کی مبینہ نااہلی اور ناقص حکمت عملی کے باعث 48 گھنٹے گزر جانے کے باوجود تاحال لاکھوں ٹیلی فونز اور یو موبائل فونز خاموش، انٹرنیٹ سسٹم سمیت متعدد سہولتیں جام، لاکھوں صارفین کا مکی و غیر ملکی رابطہ تاحال نہ ہو سکا، دوسری جانب پی ٹی سی ایل حکام نے متاثرہ ٹیلی فون ایکسچینج کی بحالی کے لئے ماہر انجینئرز کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ ٹیلی فونز حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ ٹیلی فون ایکسچینج کے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے ، اس میں فرانزنک سائنس لیبارٹری کی ہی مدد حاصل کی جا رہی ہے اور نقصان کا جائزہ لگانے کے بعد ٹیلی فون کے مواصلاتی نظام جس میں لینڈ لائن نمبروں اور یو موبائل فون سسٹم کو بحال کر دیا جائے گا جبکہ انٹرنیٹ سسٹم کو بھی بحال کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب ٹیلی فون ایکسچینج میں آتشزدگی کے باعث لاکھوں صارفین کا تاحال ملکی و غیر ملکی رابطہ بحال نہیں ہو سکا ہے جبکہ صارفین کو انٹرنیٹ اور اے ٹی ایم کی سہولت بھی تاحال حاصل نہ ہے۔ اس حوالے سے صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں روز مرہ کے معاملات اور کاروباری زندگی کو چلانغ میں شدید دشواری کا سامنا ہے جبکہ محکمہ ٹیلی فون کے حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے واقعہ کے باعث کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم ہنگامی طور پر پی ٹی سی ایل کے سسٹم کو سنٹرل ایکسچینج اور دیگر ایکسچینجوں کی لائنوں پر شفٹ کیا گیا ہے جس میں آہستہ آہستہ تمام سسٹم کو بحال کیا جا رہا ہے۔