دھرنے نے عمران خان کی سیاست کو ختم کردیا ،مخدوم جاوید ہاشمی

دھرنے نے عمران خان کی سیاست کو ختم کردیا ،مخدوم جاوید ہاشمی

  

ملتان (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے باغی صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ پہلے میں نے کہا تھا کہ یہ دھرنا تحریک انصاف پارٹی کے خاتمہ کا باعث ہوگا اور یہ دھرنا عمران خان کی سیاست کو ختم کرنے کی سازش ہے اور اس دھرنے نے عمران خان کی سیاست کو ختم کردیا ہے یہ بات انہوں نے سوموار کی سہہ پہر اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے معطل کرنے کا اختیار آئین کے تحت عمران خان کے پاس نہیں ہے۔ جہانگیر ترین کے پاس کیسے آگیا۔ جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ 16 اکتوبر ملتان کے لوگ ایک تاریخی فیصلہ کریں گے اور اس کے بعد ملک کی سیاست بدل جائے گی اور ایک مضبوط آئین تصور ابھرے گا اور جمہوریت کی راہ متعین ہوگی۔ ملتان کے لوگوں نے پہلے بھی تاریخی فیصلے کئے ہیں اور جنگ آزادی میں بھی ملتان شہر نے جنگ لڑی تھی۔ پاکستان بنانے کے مرحلے میں بھی ملتان کے لوگوں نے آزادی کے حق میں ووٹ دیا تھا اور سب سیٹیں مسلم لیگ نے جیتیں تھیں انہوں نے کہا کہ 1977 ءمیں بھٹو کے خلاف جو تحریک چلی تھی اس میں بھی ملتان کے لوگوں نے جنگ لڑی تھی اور اب بھی پاکستان میں جمہوریت کی جنگ ملتان کے لوگ ووٹ کے تقدس اور اختیار کو استعمال کرتے ہوئے میرے حق دیں گے۔ جمہوریت کی سربلندی ہوگی اور ملتان کا نام سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ انہو ںنے کہا کہ عمران خان سادہ آدمی ہیں پاکستان کے لوگ آج بھی ان سے محبت کرتے ہیں شیخ رشید عمران خان اور جمہوری عمل کو لپیٹنے اور شاہ محمود قریشی اقتدار حاصل کرنے کیلئے کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے بزرگوں نے انگریزوں کے وقت فائدے اٹھائے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ جب چاہیے اسمبلی توڑ دیں اور مڈٹرم الیکشن کا اعلان کردیں مگر وہ ایسا نہیں کریں گے۔ انہو ںنے کہا کہ وہ آج شاہ محمود سے پریس کانفرنس میں پوچھیں کہ وہ اسپیکر کے پا س استعفوں کی تصدیق کیلئے کیوں نہیں جاتے جبکہ اسپیکر بلا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ شاہ محمود ملتان میں کھڑے ہوکر کہہ دیں کہ میں نے استعفیٰ دے دیا ہے اسپیکر میرا استعفی منظور کریں مگر وہ ایسا نہیں کریں گے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ شاہ محمود نے عمران خان کی سادگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کا گھیرا تنگ کرلیا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ پی ٹی آئی نے 149 میں الیکشن لڑنا تھا تو لڑ لیتے ان کا استحقاق تھا میں نے تو نہیں روکا تھا۔ اب پی ٹی آئی اپنا الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کے باوجود شاہ محمود عمران خان کو میرے خلاف استعمال کررہے ہیں۔

جاویدہاشمی

مزید :

صفحہ اول -