پی ٹی سی ایل کی عمارت میں آتشزدگی سے سائبر نیٹ کا نظام مکمل طور پر جل گیا

پی ٹی سی ایل کی عمارت میں آتشزدگی سے سائبر نیٹ کا نظام مکمل طور پر جل گیا

  

لا ہور (کرا ئم سیل )ایجرٹن روڈ پر واقع پی ٹی سی ایل کی عمارت میں آگ لگنے سے شہر میں تمام سرکاری محکموں اور فلاحی تنظیموں کی ہیلپ لائنز اور بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں نے کام کرنا بند کردیا ہے۔معلوم ہواہے کہ ایجرٹن روڈ پر واقع پی ٹی سی ایل کی عمارت میں2روز قبل اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کاعملہ اور ریسکیو ادارے موقع پرپہنچ گئے، کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پرقابوپالیا گیا تاہم کچھ ہی دیر کے بعد آگ ایک مرتبہ پھر بھڑک اٹھی، جسے بجھانے کے لئے ریسکیو 1122 کے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ٹیلی فون ایکسچینج میں لگنے والی آگ سے سائبر نیٹ کا نظام مکمل طور پر جل گیا جس سے ریسکیو 1122 ،ایدھی ،پی آئی اے ،ریلوے ،پی ٹی سی ایل لاہور کی ہیلپ لائنز بند ہوگئی ہیں۔ اس کے علاوہ تمام اے ٹی ایم سروسز، منی ٹرانزیکشن کا نظام اور بڑے ہوٹلوں سمیت تمام اہم سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں کا مواصلاتی نظام مکمل طور پربند ہوگیاہے۔ پی ٹی سی ایل حکام کا کہنا ہے کہ آگ کے باعث 45 ہزار ٹیلی فون لائنز اور 25 ہزار انٹرنیٹ کنکشنز بند ہوئے ہیں،متاثرہ ٹیلی فون لائنز کو عارضی طور پرگارڈن ٹاؤن ایکس چینج میں منتقل کر نے کا کام شروع کردیا گیا ہے تاہم اس کام میں 8 سے 10 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

مزید :

علاقائی -