توہین عدالت کیس: ہائیکورٹ کا جیو کے جواب داخل نہ کروانے پر اظہار برہمی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )اسلام آباد ہائیکورٹ نے میڈیا توہین عدالت کیس میں جیو کا جواب نہ آنے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے بیس اکتوبر تک تفصیلی جواب داخل کرنے کاحکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔ دوران سماعت عدالت نے جیوکی غیر موجودگی پرشدید برہمی کا اظہارکیا۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ جیو اور جنگ غلط رپورٹنگ کرتے ہیں ، جنگ نے غلط رپورٹنگ کرکے عدالت کی تضحیک کی ،ہم جیو کا قبلہ درست کریں گے، عدالت کسی میڈیا کے حق یا مخالفت میں نہیں ہے۔
سماعت کے بعد عدالت عالیہ نے تحریری جواب جمع نہ کروانے پر جیو کو ایک اور نوٹس جاری کرتے ہوئے بیس اکتوبر کو تفصیلی جواب طلب کرلیا ہے ۔