خورشید شاہ کا انتخابات سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے: پرویز رشید
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ خورشید شاہ کا انتخابات سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے، عمران خان خود ہی بیٹسمین، بولر اور امپائر بنے ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پارلیمینٹ نے دھرنوں کے خلاف قراردادیں منظور کیں، طاہر القادری اور عمران خان دھرنوں کی آڑ میں حکومت کا تختہ الٹنا چاہتے تھے جبکہ عوامی تحریک پالیمان کا حصہ ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کو کینیڈا میں بیٹھ کر پاکستان کی تقدیر بدلنے کا خیال آیا، وہ لاشوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں اور سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے حوالے سے اپنی مرضی کی ایف آئی آر درج کروانا چاہتے ہیں۔ پرویز رشید نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مطالبات مان لئے لیکن عمران اور قادری ناکامی تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔