مینارپاکستان پر جلسے میں 11لاکھ افراد شریک ہوئے : عمران خان کا دعویٰ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے دعویٰ کیا ہے لاہور میں مینار پاکستان پر ہونے والا جلسہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ تھا، اس روز سارا پنجاب لاہور کی طرف نکل آیا تھا اور اس جلسے میں مینار پاکستان پر سات لاکھ سے گیارہ لاکھ افراد موجودتھے۔ آزادری مارچ سے خطاب میں کپتان کا کہنا تھا کہ لاہور میں ہونے والے جلسے میں عوام خود آ ئے تھے، ہم نے کوئی پٹواری استعمال نہیں کئے، تحریک انصاف کی جانب سے تو عوام کو کوئی ٹرانسپورٹ تک بھی مہیا نہیں کی گئی تھی اور لوگ اپنی جیب سے پیسے لگا کر جلسے میں شامل ہوئے تھے۔اس قبل جلسے کے فوری بعد تحریک انصاف کے ذرائع نے جلسے میں اڑھائی لاکھ سے زائد افراد کی شرکت کا دعویٰ کیا تھا تاہم آزاد ذرائع نے اسی جلسے میں تقریبا ڈیڑھ لاکھ افراد کی موجودگی کی تصدیق کی تھی جبکہ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ اس جلسے میں پچاس ہزار افرادشامل ہوئے تھے۔