قطر کا امریکا میں 35 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ
دبئی (اے پی پی) قطر امریکا میں 35 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ ذرائع کے مطابق قطر کی حکومت نے آئندہ پانچ سال میں امریکا میں کثیر 35 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ غیرملکی سرمایہ کاری کے اس منصوبہ کے تحت قطر جلد ہی نیویارک میں ایک دفتر قائم کرے گا۔ قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کے مطابق سرمایہ کاری کی مدت پانچ سال کی ہوگی۔ ادارے کے سربراہ شیخ عبداللہ بن محمد بن سعود الثانی نے کہا ہے کہ نیویارک میں ہمارے سوان ویلتھ فنڈ کے دفتر کا قیام امریکا میں ہماری سرمایہ کاری اور دلچسپی کا مظہر ہوگا۔ قطر نے سوان ویلتھ فنڈ کو 2005ء میں تشکیل دیا تھا جس کے ذریعے قطر اب تک یورپ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرچکا ہے۔ قطر نے برطانیہ میں ہیرڈز، برکلیز بینک، کریڈٹ سوئس اور ہیتھرو ایئرپورٹ جیسے منصوبوں میں سرمایہ کاری کاری کر رکھی ہے۔ امریکے کے معروف جیولر ٹفی اینڈ کو کے 10 فیصد حصص قطر کے پاس ہیں۔
