دنیا کے 50 ممالک نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کیلئے مزید 40 ہزار سیکیورٹی اہلکار فراہم کرنے کے وعدے کئے ہیں،امریکی صدر کا اعلان

دنیا کے 50 ممالک نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کیلئے مزید 40 ہزار سیکیورٹی اہلکار ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نیویارک(اے پی پی) دنیا کے 50 سے زیادہ ممالک نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کیلئے مزید 40 ہزار سیکیورٹی اہلکار فراہم کرنے کے وعدے کئے ہیں اس بات کا اعلان امریکی صدر براک اوباما نے پیس کیپنگ سمٹ سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے دنیا میں امن کے قیام کی اپیل کے جواب میں اس مثبت ردعمل پر عالمی برادری کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اقوام متحدہ کے امن مشنز کیلئے افرادی قوت، ہیلی کاپٹروں، تربیتی اور دیگر سہولتوں میں سو فیصد اضافہ کرے گا۔ امریکی صدر نے اس موقع پر یہ اعتراف بھی کیا کہ اقوام متحدہ کے امن دستے ہی تمام مسائل کا حل نہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اقوام متحدہ کے امن دستوں کی طرف سے لوگوں سے بدسلوکی کے سلسلہ کو ختم ہونا چاہئے۔ امریکی صدر نے اقوام متحدہ کے امن دستوں کے خلاف جنسی زیادتی کی شکایات پر سخت نوٹس لینے کے بان کی مون کے فیصلہ کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلہ سے قیام امن میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کی کارکردگی اور ساکھ میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ عالمی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔ اس موقع پر پاکستان کے وزیراعظم محمد نواز شریف نے امن فوج کیلئے ایک بٹالین فوج بھیجنے کا اعلان کیا اور اس کے ساتھ ساتھ ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال اور سگنل کمیونیکیشن کے حوالے سے بھی مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ چین کے صدر نے امن دستوں کے لئے ہیلی کاپٹروں کی فراہمی سمیت دیگر ٹیکنالوجی دینے کا اعلان کیا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے 100ملین ڈالر کے اخراجات سے 8 ہزار نفوس پر مشتمل نئی فورس کے قیام کا اعلان بھی کیا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -