صدر شی کا بیان شمالی کوریا کیلئے انتباہ تھا ٗسیول حکام

صدر شی کا بیان شمالی کوریا کیلئے انتباہ تھا ٗسیول حکام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سیؤل (این این آئی)جنوبی کوریا کے سینئر حکام نے کہا ہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ کی طرف سے جزیرہ نما کوریا میں اشتعال انگیزی سے متعلق بیان شمالی کوریا کیلئے انتباہی پیغام تھا۔گزشتہ ہفتے امریکی صدر براک اوباما سے ملاقات کے بعد صدر شی نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ چین کسی بھی ایسے اقدم کے خلاف ہے جو جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کا سبب بنے یا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے خلاف ہو۔چینی صدر نے کہاکہ اقوام متحدہ کے اقدامات پوری طرح سے نافذ کیے جانے چاہئیں اور تمام متعلقہ فریقین کو جزیرہ نما کوریا کو اسلحے سے پاک کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔جنوبی کوریا کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی میڈیا کو بتایا کہ صدر شی کا یہ بیان شمالی کوریا کی اس تازہ دھمکی کے تناظر میں سامنے آیا کہ پیانگ یانگ طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ اور جوہری تجربے کر سکتا ہے چینی صدر کی طرف سے یہ اپنے اتحادی کے لیے انتباہ تھا۔حکام کے بقول اس انتباہ کے باوجود بیجنگ کے پیانگ یانگ کے بارے میں موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ایک اور عہدیدار کے مطابق بیجنگ کی طرف سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد پر زور کوئی نئی بات نہیں تاہم یہ امر قابل ذکر ہے کہ صدر شی نے یہ بات کھلے عام کہی ۔

مزید :

عالمی منظر -