اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی عیدالاضحی دینی جذبے کے ساتھ منائی گئی

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی عیدالاضحی دینی جذبے کے ساتھ منائی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سیاسی ڈائری
اسلام آباد سے ملک الیاس
ملک بھر کی طرح اسلام آباد،راولپنڈی اور گردونواح میں بھی عید الاضحی مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی ،نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات مساجد اور عید گاہوں میں منعقد ہوئے،فرزندان توحید نے جانوروں کی قربانی دیکر سنت ابراہیمی اداکی،سانحہ منی میں حجاج کرام کی شہادتوں اور پاکستانی حجاج کرام کی بڑی تعداد کے لاپتہ ہونیکی وجہ سے عید قربان پر جوش وخروش زیادہ نظرنہیں آیا لوگوں نے سادگی سے عید منائی اسلام آباد شہر چونکہ پردیسیوں کا شہر کہلاتا ہے اور شہریوں کی اکثریت عید منانے اپنے آبائی علاقوں کو چلی جاتی ہے جسکی وجہ سے شہر میں ویرانی کامنظر تھا چند ایک پرانے سیکٹروں میں گہما گہمی دیکھنے کو ملی اسلام آباد کے تفریحی مقامات بھی پہلے دو دن رش سے محروم رہے البتہ تیسرے دن لوگوں کی آبائی علاقوں سے واپسی کے بعد تفریحی مقامات پر بھی رش دیکھنے کو ملا اس بار سیاحتی مقام مری میں بھی گزشتہ سالوں کی نسبت کم رش دیکھنے کو ملا ،اسلام آباد کے مقابلے میں راولپنڈی شہر میں خوب گہما گہمی رہی تفریحی مقامات میں بھی رش دیکھنے کو ملا قربانی کے جانوروں کی قیمتیں اس بار آسمان سے باتیں کرتی نظرآئیں جس کی وجہ سے لوگوں کا زیادہ رحجان اجتماعی قربانی کی جانب رہالوگوں نے بیل،گائے،بکروں،دنبوں اور بعض مقامات پر اونٹ کی قربانی بھی دی ۔
سانحہ منی کے بعد سے اب تک لواحقین کو اپنے پیاروں کی خبر نہیں مل پارہی اور پاکستانی شہید حجاج کرام کی تعداد میں بھی روزبروز اضافہ ہوتا جارہا ہے پہلے ایک پھر پانچ ،سات،سترہ،اٹھارہ اور اب بڑھتے بڑھتے تعداد سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 42سے زائد ہے وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت مذہبی امور نے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے۔ معلومات کیلئے ٹول فری نمبربھی دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور اور دیگر حکام کو لاپتا حجاج کی تلاش کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی جبکہ لاپتا حجاج کرام کے لواحقین سے بھی فوری رابطہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ ن لیگ کے رہنما اور وزیراعظم آفس کے فوکل پرسن ایم این اے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سانحہ منی کے حوالے سے پریس کانفرنس بھی کی ،جس میں انہوں نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر سانحہ منی کے شہدا کے تین ورثا کو سرکاری خرچ پر عمر ہ کرانے ، شہدا کے لواحقین کو پانچ لاکھ اور زخمیوں کو دو، دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا، وزیراعظم کی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پر فوکل پرسن پوری قوم کو سانحہ منیٰ کی تمام معلومات فراہم کرینگے جو سعودی حکام اور وزارت مذہبی امور کی طرف سے حاصل کی جائیں گی، وزیراعظم نے وفاقی وزیر مذہبی امور کو ہدایت کی ہے کہ وہ آخری لاپتہ پاکستانی حاجی کے ملنے تک سعودی عرب میں رہیں، سعودی عرب میں زیر علاج زخمیوں کی وطن واپسی پر اگر انہیں ضرورت پیش آئی تو ملک میں بھی مفت علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جائے گی جس کیلئے و زیراعظم نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں،لاپتہ لوگوں کے لواحقین سے خود رابطہ کر رہے ہیں اور انہیں لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا، لاپتہ 63 افراد میں سے 36 پرائیویٹ ٹوور آپریٹرز کی طرف سے جبکہ 27 حجاج سرکاری سکیم کے تحت گئے ہیں وفاقی وزیر مذہبی امور سردارمحمد یوسف نے بھی 42پاکستانی حجاج کے شہید ہونیکی تصدیق کی جبکہ کل شہدا کی تعداد بھی 1100ہوگئی ہے،زیادہ ترلاپتہ پاکستانیوں کو تلاش کرلیا گیا ہے جبکہ اب بھی پاکستانی حجاج کرام کی ایک بڑی تعداد لاپتہ ہے اور پاکستان میں انکے لواحقین کو انکے بارے میں کچھ بتایا نہیں جارہا ہے جبکہ حکومتی موقف یہ سامنے آیا ہے کہ لاپتہ پاکستانی حجاج کرام کی تلاش کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں سعودی حکام بھی تلاش میں مکمل تعاون کر رہے ہیں۔
سانحہ منیٰ کے بعد لاپتہ ہونے والے افراد کی سہولت کیلئے وزارت مذہبی امور نے ہنگامی ڈیسک قائم کر دیا ہے جو مکمل طور پر فعال ہے اور شہداء و زخمیوں کے لواحقین کو مکمل تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں۔ادھر 55,800 سے زائد حاجیوں کو سعودی عرب سے پاکستان لانے کے پی آئی اے’ بعد از حج آپریشن‘کا آغاز ہوگیا ہے اس سلسلے میں اسلام آباد کی پہلی بعد از حج پرواز PK 6312 اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچی،اس موقع پر رقت آمیز مناظردیکھنے کو ملے، اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ منیجر، پی آئی اے، بشیر الدین خان نے حاجیوں کا استقبال کیا۔ پی آئی اے نے معلومات اور راہنمائی، مثلًا امیگریشن کارڈ پُر کرنے اور جدّہ حج ٹرمینل پر سیکیورٹی کلیئرنس سے متعلق راہنمائی فراہم کرنے کے انتظامات کیے ہیں۔ اس کے علاوہ پی آئی اے جدّہ، مکّہ اور مدینہ میں واقع اپنے دفاتر کے ذریعے بھی واپس آنے والے حاجیوں کو معلومات فراہم کررہی ہے۔پی آئی اے نے پاکستان میں ائرپورٹس پر خصوصی کاؤنٹر قائم کیے ہیں جہاں واپس آنے والے حاجیوں کو آبِ زم زم پیش کیا جارہا ہے۔پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 28 اکتوبر 2015 ء کو اختتام پذیر ہوگا۔
حکومت اور پاکستان تحریک انصاف میں ایک بار پھر جوڑ پڑنے والا ہے، تحریک انصاف کی قیادت چاراکتوبر کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرنا چاہتی ہے جبکہ حکومت کی طرف سے اجازت نہیں دی جارہی کنٹینر لگا کر راستوں کو سیل کیا جارہا ہے تاکہ سکیورٹی مسائل پیدا نہ ہوں،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف کو ایکسپریس وے پر جلسہ کرنیکی آفر دی گئی ہے ،پی ٹی آئی قیادت رہنماؤں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پریڈ ایونیو پر اگر جلسہ کرنیکی اجازت نہ دی گئی تو پھر دھرنا دیا جائے گا ،دیکھیں صورتحال کیا رخ اختیار کرتی ہے،الیکشن کمیشن کیخلاف ہونیوالا جلسہ کہیں حکومت کیخلاف ایک بارپھر دھرنے میں تبدیل نہ ہوجائے سیاسی حلقے اس حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں کہ حکومت اورتحریک انصاف دونوں کو درمیانی راہ نکالنی چاہیے تاکہ کسی بھی غیرمعمولی صورت حال یاتصادم کی صورتحال سے بچاجاسکے ۔دوسری طرف یہ بھی خبریں آرہی ہیں کہ اگر تحریک انصاف نے ریڈ زون میں جلسہ کرنے کا اپنا فیصلہ نہ بدلا تو 2 اکتوبر سے نادرا چوک، سرینا چوک اور مارگلہ روڈ کے ساتھ ساتھ ریڈ زون میں داخل ہونے کے تمام راستے سیل کر دیئے جائیں گے۔ پی ٹی آئی کو ڈی چوک میں جلسہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔ پی ٹی آئی اگر جلسہ کی جگہ بدلنا چاہتی ہے تو پھر اسے نیا این او سی لینا ہو گا۔ جلسہ سے قبل تمام شرائط پوری کرنا لازم ہوگا۔ دوسری جانب اب تک پانچ ڈی جیز نے جلسے کے ساؤنڈ سسٹم کا ٹھیکا لینے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ڈی جے بٹ نے بھی ٹھیکے کیلئے پروپوزل جمع کرا دیا ہے تاہم تحریک انصاف کی جانب سے نیا ڈی جے متعارف کروانے کا امکان ہے۔

مزید :

ایڈیشن 1 -