عالمی دہشت گردوں کی نئی امریکی فہرست تیار‘ پاکستانی بھی شامل داعش کے 15 رہنماﺅں پر پابندی
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خزانہ نے داعش کے 15 اہم رہنماﺅں پر پابندی عائد کر دی۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق دہشت گردوں کی فہرست میں برطانیہ‘ فرانس کے شہری بھی شامل ہیں۔ داعش کے خراسان گروپ سمیت 5 گروپ اور 10 افراد عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہیں جن پر پابندی لگائی گئی۔ ان میں داعش کے رہنماﺅں کی مالی مدد کرنے والے اور ان کے سہولت کار بھی شامل ہیں۔ غیرملکی دہشت گردوں میں 4 برطانوی اور فرانسیسی شہریوں کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ امریکہ نے عالمی دہشت گردوں کی نئی فہرست تیار کر لی۔ داعش سمیت 5 گروپوں او 35 افراد عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں پاکستان‘ انڈونیشیا اور سعودی عرب کے بعض شہری بھی شامل ہیں۔ بی بی سی کے مطابق دولت اسلامیہ میں بھرتیوں کا زور توڑنے کیلئے برطانیہ کے چار شہریوں پر عالمی پابندیوں کا اطلاق کر دیا گیا ہے۔ برطانوی پولیس کے مطابق کم از کم سات سو کے قریب برطانوی شہری شام اور عراق میں جہادی تنظیموں کی حمایت یا ان کے ہمراہ لڑنے کیلئے جا چکے ہیں‘ تاہم ان میں سے نصف کے قریب واپس آچکے ہیں۔ پابندیوں کا اعلان ایسے وقت کیا گیا ہے جب وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں عالمی رہنماﺅں کے ساتھ ہیں۔ اقوام متحدہ کی پابندیوں سے متعلق کمیٹی نے یہ پابندیاں برطانوی حکومت کی درخواست پر عائد کی ہیں۔ یہ چاروں غیرملکی جنگجو ہیں اور ان پر سفری پابندی عائد کی گئی ہے اور ان کے اثاثے منجمد کر دیئے گئے ہیں۔
