اینڈو سکوپک الٹرا ساؤنڈ ایک جدید تشخیصی طریقہ علاج ہے،طبی ماہرین

اینڈو سکوپک الٹرا ساؤنڈ ایک جدید تشخیصی طریقہ علاج ہے،طبی ماہرین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر )جنرل ہسپتال اور ایشین الٹرا ساؤنڈگروپ کے اشتراک سے پہلی انٹر نیشنل اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈاور چھٹی ای آر سی پی ورکشاپ مقامی ہوٹل میں شروع ہو گئی۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ وامیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر غیاث النبی طیب کی زیر صدارت ہونے والی ورکشاپ میں پہلے روز امریکہ کے فلوریڈا ہسپتال کے ممتاز معالج ڈاکٹر محمد خالد حسن اور یونیورسٹی آف پنسلوینیاکے ڈاکٹر علی احمد صدیقی کے علاوہ ڈاکٹر اختر احمد سعید گیٹشیڈ ہسپتال نیو کاسٹل اپون ٹائن سمیت دیگر ملکی نامور طبی ماہرین نے معدے اور جگر کی بیماریوں، تشخیص اور علاج کے حوالے سے تفصیلی لیکچر دئیے اور ورکشاپ میں موجود جونیئر ڈاکٹرز کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے بتا یا کہ اینڈو سکوپک الٹرا ساؤنڈ ایک جدید تشخیصی طریقہ علاج ہے جس میں صوتی لہروں کی مدد سے نظام انہضام ، پھیپھڑوں اور دیگر متصلہ اعضاء کی تفصیلی شبیہہ حاصل کی جاتی ہے ۔ مذکورہ طریقہ کار کے تحت اینڈوسکوپک کی مدد سے اندرونی اعضاء کا مختلف جہتوں سے معائنہ اور شبیہہ حاصل کی جا سکتی ہے۔ مزید برآں اس طریقہ کار کو تشخیصی مقاصد کے علاوہ علاج کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے، جس میں مختلف اعضاء سے Pus یا Cyst کو ڈرین (Drain) کرانا شامل ہے۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ وامیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر غیاث النبی طیب نے دوران ورکشاپ اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتا یا کہ جگر کی نالی میں پتھری کے علاوہ معدے کی آنت میں زخم سمیت دیگر امراض اور بالخصوص معدے و جگر کے کینسر میں اینڈوسکوپی الٹرا ساؤنڈ کے ذریعے علاج ممکن ہے۔ ہمارے ملک میں بدقسمتی سے صرف4سے5 سنٹرز ایسے ہیں جہاں پر یہ طریقہ علاج موجود ہے ورکشاپ کے آرگنائزر ڈاکٹر اسرار الحق طور ، ڈاکٹر غیاث الحسن اور ڈاکٹر بلال ناصر نے بتایا کہ ورکشاپ ہفتہ کی دوپہر تک جاری رہے گی۔