وزیر اعظم کرپشن کے خاتمے کیلئے پر عز م ہیں،ہمایوں اختر

وزیر اعظم کرپشن کے خاتمے کیلئے پر عز م ہیں،ہمایوں اختر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک سے ہر طرح کی کرپشن کے بیج کو نا پید کرنے کیلئے پر عزم ہیں،اپوزیشن اپنی بقاء کیلئے قومی اداروں کو سیاست میں نہ گھسیٹے،عوام نے حکومت کو پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے،مقررہ مدت کے بعد انتخابی میدان سجے گا اوراپوزیشن اپنے گھوڑا دوڑا لے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں حلقہ این اے 131اور وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔


ہمایوں اختر خان نے کہا کہ قومی احتساب بیورو حکومت کے زیراثر نہیں بلکہ خود مختار ادارہ ہے لیکن اپوزیشن بے بنیاد پراپیگنڈے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنا چاہتی ہے جس میں اسے ناکامی ہی ملی ہے۔ اسی طرح کسی کی ضمانت لینے یا مسترد کرنے کا اختیار بھی فاضل عدالتوں کے پاس ہے لیکن مسلم لیگ(ن) کی طرف سے جس طرح کی باتیں کی جارہی ہیں اس پر پوری قوم کو تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے لیکن عوام کے جان و مال اور سرکاری تنصیبات کا تحفظ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے جسے پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا واضح فیصلہ ہے کہ ہم نے ملک سے ہر طرح کی کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے اور اس کیلئے اس کے بیج کو نا پید کیا جائے گا، اس کی راہ میں مزاحمت کرنے والوں کو آئین وقان کے شکنجے میں لیا جائے گا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان کو کسی کے مفادات سے سروکار نہیں بلکہ ان کیلئے ملک و قوم کا مفادات ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔