عالمی کانفرنس کا افتتاحی اجلاس 2 اکتوبر کو گورنر کی زیر صدارت ہوگا، طاہر رضا
لاہور(فلم رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے بتایا کہ سہ روزہ ”عالمی کانفرنس“روادارنہ فلاحی معاشرے کی تشکیل میں سنگ میل ثابت ہوگی۔کانفرنس کا افتتاحی اجلاس 2اکتوبرکو بوقت 11:30بجے دن گورنر پنجاب کی زیرصدارت، داتا دربارمیں ہوگا وزیراوقاف و مذہبی امور سید سعید الحسن شاہ مہمانِ خصوصی ہوں گے سیکرٹری اوقاف ومذہبی امور پنجاب ڈاکٹر ارشاد احمد، سیداصغر زیدی (وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی لاہور)، قاسم علی شاہ (لاہور)، علی اکبر رضائی فرد (ایران)، سجاد میر (لاہور)، الشیخ السید اسرارالحسن شاہ(برطانیہ)، الشیخ خالد الشامی الیمنی(یمن)، ڈاکٹر شفاقت علی البغدادی (بغداد)، علامہ ظفر محمود فراشوی (برطانیہ)، رمضان قِشقَر(ترکی)، راجا رشید محمود، ڈاکٹر محمد سلطان شاہ(جی سی یونیورسٹی)، الشیخ فضل بن محمد القیروانی التونسی(تیونس)، سید محمد عرفان شاہ (نیویارک، امریکہ)سمیت دنیابھر سے ہجویریات کے ماہرین خطبات اور مقالات پیش کریں گے ڈائریکٹر جنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے چار مختلف سیشنز میں کانفرنس کے مرکزی موضوع کی مناسبت سے گراں قدر مقالات اور خطبات پیش ہوں گے کانفرنس کے دوسرے روز 3اکتوبر2020ء ہفتہ، 9:00بجے دن، پہلا سیشن یونیورسٹی، جامعات، دینی مدارس اور کالجز کے سٹوڈنٹس کے لئے مختص ہوگا جبکہ دوسرے سیشن میں ممتاز کالم نگار، تجزیہ نگار، صاحبانِ فکر و فن کے ساتھ خصوصی نشست ہوگی آخری سیشن اتوار بوقت 1:00بجے دوپہر میں پروفیسر احمد رفیق اختر کلیدی خطبہ ارشاد فرمائیں گے یہ عالمی کانفرنس، خانقاہی نظام کی اُس حقیقی روح کو بیدار کرنے کی طرف بھی خصوصی توجہ مرکوز کرے گی جس کے تحت خانقاہوں کا علمی، تربیتی اور تدریسی تشخص اور اس نظام کی حقیقی روح از سرِ نو تابندہ و پائندہ ہو۔
عالمی کانفرنس