پی پی اور پی ٹی آئی جاگیر داروں اور سرمایہ داروں کا گروہ ہے، سراج الحق

    پی پی اور پی ٹی آئی جاگیر داروں اور سرمایہ داروں کا گروہ ہے، سراج الحق

  

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم کب تک اسٹیبلشمنٹ کے پیچھے پناہ لیں گے۔ حکومت نے اداروں اور اسٹیبلشمنٹ کو بھی متنازعہ بنایا اور بدنام کیا۔ حکومت نے سول سپر میسی ختم کی اور پارلیمنٹ کی عزت و وقار کا بھی جنازہ نکال دیا۔ وزیراعظم کہتے ہیں کہ میری نہیں مافیاز کی حکومت ہے، ملک میں آٹا چینی، لینڈ اور ڈرگ مافیاز حکومت سے طاقتور ہیں۔ قوم کی گردنوں پر سوار اس مافیاز نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا اور قوم کا حشر کردیاہے۔ نیب بھی اندھا ہے جو ایک آنکھ سے دیکھتاہے حکومت میں بیٹھے ہوئے لٹیرے اسے نظر نہیں آتے۔ وفاق نے صوبائی حقوق پر ڈاکہ ڈالا، کراچی، کوئٹہ، پشاور رو رہاہے۔ میڈیا کے حقوق سلب ہیں وزیراعظم نے 788 دنوں کی حکومت میں 788 بار جھوٹ بولا۔ مسلم لیگ، پی پی اور پی ٹی آئی میں جاگیر داروں اور سرمایہ داروں کا ایک ہی گروہ ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ملتان میں شمولیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر چوہدری سلمان الٰہی سہو نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔شمولیتی کنونشن سے امیر صوبہ جنوبی راؤ ظفر، ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سجاد وینس بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ان نااہل حکمرانوں کے ہاتھ میں قوم کی تقدیر بدلنے کی لکیر نہیں۔ یہ آئی ایم ایف اور امریکہ کے در کے فقیر ہیں۔ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں۔ تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا گیا۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -