ایل ڈی اے سٹی فیزون کا 49ارب 54کروڑ کا نظر ثانی شدہ پی سی ون منظور 

ایل ڈی اے سٹی فیزون کا 49ارب 54کروڑ کا نظر ثانی شدہ پی سی ون منظور 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نے لاہور ڈویژن کے چاروں اضلاع میں کاروباری، تجارتی اور دیگر کمرشل سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے لینڈ یوز ریگولیشنز 2020ء منظور کر لیا۔ ماسٹر پلان کے مطابق ضلع لاہور،قصور،شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں اراضی کے استعمال کے حوالے سے بنائے جانے والے رہائشی، کمرشل، صنعتی، ادارہ جاتی اور دیگر زونز میں مختلف نوعیت کے نئے کاروبار شروع کرنے کے لئے قواعد و ضوابط کی منظوری دی گئی۔نئے کاروبار کا آغاز کرنے کے لئے پلاٹ کے سائز، سڑک کی چوڑائی اور دیگر معیارات کا تعین کردیا گیا۔ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا چھٹا اجلاس وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی زیرصدارت ہوا۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے شرکاء کو گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ گورننگ باڈی نے سپریم کورٹ کے حکم پر ایل ڈی اے سٹی فیزون کے پلاٹ ہولڈرز کو پلاٹوں کا قبضہ دینے کے لئے جناح سیکٹر میں بعض مقامات پر اور بالخصوص 200 فٹ چوڑی چناب روڈ کی تعمیر کے لئے اراضی ایکوائر کرنے اورسکیم میں جاری ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے سکیم کے 49 ارب 54 کروڑ روپے مالیت کے نظر ثانی شدہ پی سی ون کی منظوری دے دی ہے۔ 33 ارب 66 کروڑ روپے مالیت کا سکیم کا پہلا پی سی ون جولائی 2017ء میں منظور کیا گیا تھا تاہم اس میں اراضی کی ایکوزیشن کے لئے رقم مختص نہیں کی جا سکی تھی۔چناب روڈ کی تعمیر سے سکیم کے جناح سیکٹر کو براہ راست رنگ روڈ کے قریب فیروز پورروڈ سے منسلک کر دیاجائے گا۔ گورننگ باڈی نے وزیرا عظم کی ہدایت پر ایل ڈی اے سٹی نیاپاکستان کے نام سے 35ہزار سستے اورمعیاری اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کے لئے ٹیکنیکل اور فنانشل بڈز طلب کرنے کا فیصلہ کیا اور اس مقصد کے لئے انجینئرنگ فرموں سے اظہار دلچسپی طلب کرنے کے لئے اخبار میں اشتہار دینے کی ہدایت کی۔اتھارٹی نے اشتہار کے جواب میں وصول ہونے والی پیشکشوں کا جائزہ لینے(Evaluation) کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی۔ گورننگ باڈی کے ممبر انجینئر عامر ریاض قریشی اس کمیٹی کے کنوینیرجبکہ چیف انجینئر ایل ڈی اے حبیب الحق رندھاوا معاون کنوینیرہوں گے۔ کمیٹی میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا،چیف انجینئر ٹیپا اور انجینئرنگ یونیورسٹی کے ماہرین بھی شامل ہوں گے۔ اس مقصد کے لئے خواہش مند فرموں کی پری بڈ کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔ اجلاس میں اپارٹمنٹس کے لئے مختص علاقے میں انفراسٹرکچر کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی کام ایل ڈی اے انجینئرنگ ونگ کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس پراجیکٹ کے لئے مقرر کئے جانے والے فنانشل کنسلٹنٹ اسلم ملک اینڈ کمپنی نے ان اپارٹمنٹس کی تعمیر کو قابل عمل منصوبہ بنانے کے لئے فنانشل ماڈل پیش کیا اور اپارٹمنٹس خریدنے کے خواہشمند افراد کے لئے قومی بینکوں کی طرف سے برج فنانسنگ کی سہولت کی فراہمی کے بارے میں آگاہ کیا۔ گورننگ باڈی نے ایل ڈی اے ایونیو ون کے 613متاثرین کو پلاٹوں کا قبضہ دینے کے لئے سکیم کی اراضی پر واقع چنیوٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سے بات چیت کے ذریعے اراضی حاصل کرنے کی منظوری دے دی۔ مذکورہ سوسائٹی ایل ڈی اے کو 1555کنال اراضی پیش کرے گی جس کے عوض اسے30فیصد رقبے کے برابر ڈویلپڈ پلاٹ دیئے جائیں گے۔اس اقدام سے الاٹیوں کا 17سالہ دیرینہ مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی۔گورننگ باڈی نے ایک مخیر شخص کی طرف سے جوبلی ٹاؤن اور ایونیون ون میں ایک ایک مسجد کی عمارت کی تعمیر کا خرچ برداشت کرنے کی پیشکش بھی قبول کر لی۔ ان مساجد کا انتظام ایل ڈی اے کے اپنے ہاتھ میں ہوگا جو عملے کی تنخواہ وغیرہ کے ساتھ ساتھ روز مرہ اخراجات بھی پورے کرے گا۔ ان مساجد کا کسی فرقے سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ گورننگ باڈی کے اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی لاہور سے سعدیہ سہیل رانا‘ قصور سے ملک مختار احمد‘شیخوپورہ سے عمرآفتاب ڈھلوں‘ ننکانہ صاحب سے محمد عاطف کے علاوہ وائس چیئرمین واسا امتیاز محمود، انجینئر عامر ریاض قریشی،ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز اور ہاؤسنگ، بلدیات فنانس،پی اینڈ ڈی اور کمشنر لاہورکے نمائندوں کی شرکت۔
پی سی ون 

مزید :

صفحہ آخر -