ٹریفک اصولوں کی خلاف ورزی اور تجاوزات کیخلاف کارروائی،52 گرفتار
پشاور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے 52 افراد گرفتار کر کے ہتھ ریڑھیاں قبضے میں لے لیں۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں نے شہر بھر سے تجاوزات مافیا کو رضا کارانہ طور پر تجاوزات کے نقصانات بارے آگاہی دی تاہم تجاوزات مافیا کی جانب سے اس پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا تھا جس پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے کسٹم چوک خوشحال بازار شعبہ چوکجلیل کبابی روڈ اور جی ٹی روڈ پر کارروائیاں کی گئیں اور 52افراد کو گرفتار کر کے ہتھ ریڑھیاں قبضے میں لے لیں اور ان پر جرمانے بھی عائد کئے۔اسی طرح سڑک کنارے سواریان بٹھانے اور اتارنے پر 7 سوزوکیوں کو ٹرمینل میں بند کردیا گیا۔ ایس ایس پی ٹریفک نے ٹریفک عملے کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ غریب ریڑھی بانوں کو مالی نقصان پہنچانے سے گریز کریں اور ایسے طریقے سے اپنا آپریشن مکمل کریں کہ جس سے کسی ریڑھی بان کو کوئی نقصان نہ ہو اور نہ ہی اس کا کوئی پھل اور سبزیاں ضائع ہوں اور گرفتاری کے بعد ان کی عزت نفس کا خاص خیال رکھا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تجاوزات مافیا کو پہلے نوٹسز جاری کرتی ہے جبکہ اس کے بعد آپریشن کر کے تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کو حراست جبکہ سامان کو قبضے میں لیکر ٹرمینل منتقل کردیا جاتا ہے تاکہ مالکان پر جرمانے عائد کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات مافیا شہر کی خوبصورتی کا خاص خیال رکھتے ہوئے اپنے حدود سے تجاوز نہ کریں اور شہریوں کیلئے کسی قسم کے مشکلات پیدا کرنے سے گریز کریں۔