کورونا میں دوبارہ اضافہ، کراچی میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا جس پر محکمہ صحت سندھ نے شہر میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کےلئے کراچی کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس، تمام ڈپٹی کمشنرز، تمام سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کو خط لکھ دیا۔
خط میں لکھا ہے کہ کورونا کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر کورونا کی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے جس کےلئے خاص طور پر مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون (ایم ایس ایل ڈی) نافذ کیا جائے۔
ہدایت دی گئی ہے کہ سمارٹ لاک ڈاون کےلئے ضلعی ہیلتھ افسر سے رابطہ کیا جائے اور اضافی پولیس کی نفری علاقوں میں تعینات کی جائے۔