انسٹیٹوشن آف انجینئرز پاکستان سعودی عرب کے زیر اہتمام پہلے بین الاقوامی آن لائن سیمینار کا انعقاد 

انسٹیٹوشن آف انجینئرز پاکستان سعودی عرب کے زیر اہتمام پہلے بین الاقوامی آن ...
انسٹیٹوشن آف انجینئرز پاکستان سعودی عرب کے زیر اہتمام پہلے بین الاقوامی آن لائن سیمینار کا انعقاد 

  

مکہ مکرمہ(محمد عامل عثمانی)  ریاض انسٹیٹوشن آف انجینئرز پاکستان سعودی عرب کے زیر اہتمام پہلے بین الاقوامی آن لائن سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں سفیر پاکستان کی نمائندگی سفارتخانہ کے پولیٹیکل سیکرٹری سیف اللہ خان نے کی۔

"جامعات اور صنعتوں کا باہمی تعاون اور بیرون ملک مقیم پاکستانی" کے عنوان سے منعقدہ اس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیمینار کے کلیدی مقرر این ای ڈی یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ گزشتہ عرصے میں ٹیکنالوجی کی برق رفتار ترقی نے مختلف صنعتوں کی حکمت عملی اور طریقہ کار میں انقلاب برپا کر دیا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ درسی مواد اور عملی میدان کے درمیان خلا کو کم کیا جائے اور درسی علوم اور زمینی میدان عمل کو ایک دوسرے کے قریب لایا جائے جس سے نہ صرف طلباءکو فائدہ ہوگا بلکہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں نئی تحقیق کی راہیں ہموار ہوں گی اس طرح جامعات پاکستان کی موجودہ صنعتی، معاشی اور معاشرتی مسائل کو حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکیں گی۔

 انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے طلباءاور اساتذہ کو مشترکہ تحقیقاتی کام کرنے میں مدد ملے گی اور ان کو جدید صنعتی ضروریات اور مشکلات سے بھی آگاہی حاصل ہوگی جس سے طلباءعملی زندگی میں جانے سے پہلے ہی ان مسائل کا حل ڈھونڈنے اور اس پر تحقیق کرنے کی تگ ودو کریں گے۔ انہوں نے اپنا خطاب میں کہا کہ اس سے نجی و سرکاری اداروں سے مالی معاونت بھی میسر ہو گی جبکہ اداروں کو اپنی مصنوعات اپنے نام رجسٹرڈ کرانے اور لائسنس لینے سے مالی فائدہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان کے پولیٹیکل سیکرٹری سیف اللہ خان نے انسٹیٹوشن آف انجینئرز پاکستان سعودی عرب کی جانب سے منعقدہ سیمینار اور ان کی انجینئرنگ کے شعبے کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی انجینئرز سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

 انسٹیٹوشن کے چیئرمین سید محمد اقبال نے اپنے خطاب میں سیمینار کے اہم نقاط کی طرف توجہ دلانے کے ساتھ ساتھ سعودی حکومت اور سفارتخانہ پاکستان کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر اسکالرشپ کمیٹی کے آرکیٹکٹ فاروق اقبال نے پاکستان میں انجینئرنگ کے طلباءکے وظائف کے پروگرام کو کامیابی سے چلانے کو انسٹیٹوشن کی بڑی کامیاب قرار دیا اور انجینئرنگ سے وابسطہ افراد سے اس عظیم مقصد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔ 

اس سے قبل سیمینار کا باقاعدہ آغاز انجینئر ڈاکٹر حافظ عمران نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور سیکرٹری جنرل انجینئر محمد عاصم صدیقی نظامت کے فرائض انجام دیئے، سیمینار کے اختتام پر میزبان شیخ اسرار احمد کی طرف سے پرتکلف عشائیے دیا گیا جس میں انسٹیٹوشن کے صدر سید محمد اقبال سمیت متعدد کونسل ممبران نے شرکت کی۔

مزید :

عرب دنیا -