حیدر علی کی عمدہ بیٹنگ، ناردرن نے کے پی کے کو جیت کیلئے 243 رنز کا ہدف دیدیا

حیدر علی کی عمدہ بیٹنگ، ناردرن نے کے پی کے کو جیت کیلئے 243 رنز کا ہدف دیدیا
حیدر علی کی عمدہ بیٹنگ، ناردرن نے کے پی کے کو جیت کیلئے 243 رنز کا ہدف دیدیا
کیپشن:    سورس:   Twitter

  

ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نیشنل ٹی 20 کپ فرسٹ الیون کے افتتاحی میچ میں ناردرن فرسٹ الیون نے حیدر علی کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت کے پی کے کو جیت کیلئے 243 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ناردرن ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو صرف 23 کے مجموعی سکور پر عمران علی آﺅٹ ہو گئے جس کے بعد حیدر علی اور ذیشان ملک نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 185 رنز جوڑ کر بڑا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا ۔ 

حیدر علی نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 6 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے جبکہ ذیشان ملک نے 47 گیندوں پر 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں آصف علی نے 23 رنز بنائے اور عمر امین 14 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے اور یوں ناردرن کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ 

کے پی کے کی جانب سے جنید خان سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 44 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔ 

واضح رہے کہ ناردرن ٹیم کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ذیشان ملک، علی عمران، حیدر علی، شاداب خان، آصف علی، عمر امین، روحیل نذیر، محمد نواز، سہیل تنویر، موسیٰ خان اور حارث رﺅف شامل ہیں۔ 

کے پی کے ٹیم کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، محمد محسن، وہاب ریاض، عثمان خان شنواری، شاہین شاہ آفریدی اور جنید خان شامل ہیں۔ 

مزید :

کھیل -