آپ کے واٹس ایپ پیغامات خود بخود ڈیلیٹ ہو جائیں گے، کمپنی نے شاندار فیچر متعارف کروانے کی تیاری کر لی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ پر آپ کسی کو کوئی تصویر یا ویڈیو بھیجتے ہیں تو اس کے دیکھنے سے پہلے آپ اسے ڈیلیٹ کر سکتے ہیں لیکن جب وہ صارف اس تصویر یا ویڈیو کو دیکھ لے تو اسے آپ اس کے فون سے ہٹا نہیں سکتے کیونکہ وہ اس کی گیلری میں محفوظ ہو جاتی ہے۔ اب واٹس ایپ نے صارفین کے اس مسئلے کا حل بھی نکال لیا ہے اور نئی اپ ڈیٹ میں ایک انتہائی مفید فیچر متعارف کروانے جا رہا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ٹیک فرم WABetaInfoکے ماہرین نے بتایا ہے کہ واٹس ایپ اپنی نئی اپ ڈیٹ میں ایسا فیچر متعارف کروانے جا رہا ہے جس کے ذریعے آپ دوسرے صارفین کو بھیجی گئی اپنی تصاویر اور ویڈیوز ان کے دیکھ لینے کے بعد بھی ڈیلیٹ کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اس نئے ممکنہ فیچر کا نام ’ایکسپائرنگ میڈیا‘ رکھا گیا ہے، جس میں کئی آپشنز میسر ہوں گے جنہیں آپ اپنی مرضی سے منتخب کر سکتے ہیں۔ ان میں ایک آپشن یہ بھی ہو گا کہ ’جب دوسرا صارف آپ کی بھیجی گئی تصویر یا ویڈیو کو ایک بار دیکھ لے تو وہ اس کے فون سے ڈیلیٹ ہو جائے۔‘اس آپشن کو منتخب کرنے سے دوسرے صارف کے پاس آپ کی بھیجی ہوئی تصویر یا ویڈیو کو دیکھنے کا صرف ایک چانس ہو گا اور جونہی وہ اسے دیکھے گا، فائل خود بخود ڈیلیٹ ہو جائے گی اور وہ اسے دوبارہ نہیں دیکھ سکے گا۔ماہرین کے مطابق یہ فیچر ممکنہ طور پر اینڈرائیڈ ورژن 2.20.2011کے لیے واٹس ایپ بیٹا(Whatsapp Beta)میں دیا جائے گا۔