ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز کب ہوگا ، ایونٹ میں کتنے میچز کھیلے جائیں گے ، پاکستان بھارت سے کب ٹکرائے گا، مکمل تفصیلات جانئے

ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز کب ہوگا ، ایونٹ میں کتنے میچز کھیلے جائیں گے ، پاکستان ...
ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز کب ہوگا ، ایونٹ میں کتنے میچز کھیلے جائیں گے ، پاکستان بھارت سے کب ٹکرائے گا، مکمل تفصیلات جانئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن) ٹی 20ورلڈ کپ 2022 کا آغاز 16 اکتوبر سے ہو رہا ہے ، ایونٹ میں پاکستان روایتی حریف بھارت سے  23 اکتوبر کو ٹکرائے گا۔

شائقین کرکٹ کو ٹی  20ورلڈ کپ کا بے صبری سے انتظار ہے جس کے شروع ہونے میں اب تقریباً 17 دن رہ گئے ہیں ۔  ٹی  20ورلڈ کپ  2022  آسٹریلیا میں کھیلا جا رہا ہے ،  45 میچز پر مشتمل ایونٹ کا فائنل  13 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان ، بھارت ، افغانستان ، ساؤتھ افریقہ ،  بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ ،انگلینڈ اور  میزبان آسٹریلیا  سپر 12 ٹیموں میں  شامل ہیں جبکہ  بقیہ آٹھ  میں سے 4 ٹیمیں آپس میں لڑنے کے بعد   سپر 12 میں شرکت کر سکیں گی ۔ ان 8 ٹیموں میں ایشیاء کپ کی فاتح سری لنکا ،  ویسٹ انڈیز ، سکاٹ لینڈ ، متحدہ عرب امارات ، آئرلینڈ، نیدر لینڈز  ،زمبابوے اور نمیبیا شامل ہیں ۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12  میں شرکت کیلئے  کوالیفائر مرحلے کا آغاز 16اکتوبر سے ہوگا جہاں  گروپ اے میں موجود  سری لنکا اور نمیبیا کے مابین   میچ کھیلا جائے ، اسی دن دوسرا میچ گروپ اے کے نیدر لینڈز اور متحدہ عرب امارات کے مابین ہوگا۔

17 اکتوبر کو تیسرے میچ میں گروپ بی میں شامل سکاٹ لینڈ اور ویسٹ انڈیز زور آزمائیں گے ، اسی روز گروپ بی کی ٹیمیں آئر لینڈ اور زمبابوے  مدمقابل ہوں گی ۔

ایونٹ کا پانچواں میچ 18 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جس میں نمیبیا اور نیدر لینڈز آمنے سامنے ہوں گی ، اسی روز ایونٹ کے چھٹے میچ میں سری لنکا اور متحدہ عرب امارات جیت کیلئے پسینہ بہائیں گے ۔

19 اکتوبر کو گروپ بی میں شامل سکاٹ لینڈ اور آئر لینڈ ساتویں میچ میں جان لڑائیں گی جبکہ اسی روز آٹھویں میچ میں ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی ۔

20 اکتوبر کو گروپ اے کی نیدر لینڈز اور سری لنکا ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی جبکہ اسی روز  گروپ اے کی ہی نمیبیا اور متحدہ عرب امارات ایک دوسرے کو پچھاڑنے کی کوشش کریں گی ۔21 اکتوبر کو گروپ بی کی آئر لینڈز اور ویسٹ انڈیز  جبکہ  سکاٹ لینڈ اور زمبابوے  جیت کیلئے سر توڑ کوشش کریں گی ۔

کوالیفائر مرحلے کے بعد  4  ٹیمیں آگے آجائیں گی  اس طرح گروپ اے اور گروپ بی کی 6،6  ٹیمیں  پوری ہو جائیں گی۔  اس وقت گروپ اے میں انگلینڈ ، نیوزی لینڈ ،  آسٹریلیا اور افغانستان موجود ہیں جبکہ کوالیفائر مرحلے کے گروپ کی جیتنے والی اور گروپ بی کی رنر اپ ٹیم بھی اس میں شامل ہوگی۔

گروپ بی میں پاکستان، بھارت ، جنوبی افریقہ ،  بنگلہ دیش پہلے سے موجود ہیں جبکہ کوالیفائر راؤنڈ  سے  گروپ بی کی جیتنے  والی اور گروپ اے کی رنر اپ ٹیم بھی اس  میں شامل ہو جائے گی  جس کے بعد ایونٹ کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔

22اکتوبر کو ٹی 20 ورلڈ کپ  2022 کا باقاعدہ  آغاز ہو جائے گا  جہاں ایونٹ کے 13 ویں  میچ میں گروپ اے میں شامل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ  جبکہ انگلینڈ اور افغانستان کے مابین میچ ہو گا ۔ 

23 اکتوبر کو کوالیفائر راؤنڈ  کے ذریعے سپر  12 میں جگہ بنانے والی دو ٹیموں کے مابین میچ ہوگا، اسی روز  گروپ بی میں شامل روایتی  حریفوں بھارت اور پاکستان کے مابین بھی گھمسان کا رن پڑے گا۔

24 اکتوبر کو  بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ   کوالیفائر راؤنڈ کے بعد سپر 12 میں آنیوالی ٹیموں سے میچ کھیلیں گے ۔  25 اکتوبر کو آسٹریلیا جبکہ  26 اکتوبر کو  انگلینڈ  اپنے گروپ میں کوالیفائر راؤنڈ کے بعد سپر 12 میں آنیوالی ٹیموں سے میچ کھیلے گا۔

27 اکتوبر کو گروپ بی میں شامل جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کا میچ ہوگا ، 27 اکتوبر کو بھارت  اور پاکستان     کوالیفائر راؤنڈ کے بعد سپر 12 میں آنیوالی ٹیموں سے میچ کھیلیں گے ۔28 اکتوبر کو افغانستان  کوالیفائر راؤنڈ کے بعد سپر 12 میں آنیوالی ٹیموں سے میچ  کھیلے گا،28 اکتوبر کو ہی آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین میچ ہوگا۔

29 اکتوبر کو نیوزی لینڈ ، اکتوبر کو بنگلہ دیش اور پاکستان کوالیفائر راؤنڈ کے بعد سپر 12 میں آنیوالی ٹیموں سے میچز کھیلیں گے ۔ 30 اکتوبر کو ہی بھارت جنوبی افریقہ سے ٹکرائے گا۔31 اکتوبر کو آسٹریلیا جبکہ یکم نومبر کو افغانستان  کوالیفائر راؤنڈ کے بعد سپر 12 میں آنیوالی ٹیموں سے جنگ لڑیں گے ۔

یکم نومبر کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ مد مقابل ہوں گے جبکہ دو نومبر کو کوالیفائر راؤنڈ کے بعد سپر 12 میں آنیوالی ٹیموں کا آپس میں میچ ہوگا۔ 2 نومبر کو ہی بھارت اور بنگلہ دیش زور آزمائیں گے ۔ 3نومبر کو پاکستان  اور جنوبی افریقہ میں مقابلہ ہوگا ۔ 4 نومبر کو نیوزی لینڈ اور کوالیفائر راؤنڈ کے بعد سپر 12 میں آنیوالی ٹیم کا میچ ہوگا۔4 نومبر کو ہی آسٹریلیا اور افغانستان مد مقابل ہوں گے ۔

5  نومبر کو انگلینڈ ،  6 نومبر کو جنوبی افریقہ کوالیفائر راؤنڈ کے بعد سپر 12 میں آنیوالی ٹیموں سے میچز کھیلیں گے ،6 نومبر کو ہی پاکستان اور بنگلہ دیش ایک دوسرے کے مقابل میدان میں اتریں گے ۔6 نومبر کو ہی بھارت کوالیفائر راؤنڈ کے بعد سپر 12 میں آنیوالی ٹیم سے مقابلہ کرے گا جس کے بعد سیمی فائنل مرحلہ شروع ہو جائے گا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ  2022 کا پہلا سیمی فائنل 9 نومبر ، دوسرا  10 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ  13 نومبر کو میگا ایونٹ کا فائنل میچ کھیلا جائے گا۔

مزید :

اہم خبریں -کھیل -T20 World Cup -T20 World Cup News Updates -