آزاد کشمیر کے وزیر مال کے اعزاز میں لندن میں استقبالیہ، تحریک عدم اعتماد کی خبروں میں صداقت نہیں، چوہدری اخلاق
لندن (مجتبیٰ علی شاہ) آزاد کشمیر کے وزیر مال اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما چوہدری اخلاق لندن میں موجود ہیں۔ جہاں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عامر خان اور چوہدری زیارب نے ان کے اعزاز میں بڑا استقبالیہ رکھا جس میں اوورسیز کمیونٹی کے مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گی ۔ وزیر حکومت نے عوام کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کروائی ۔ اس موقع پر چوہدری حکم داد ، چوہدری دلپزیر ، ملک ثاقب اعوان ، مرزا اخلاق ، سید احسن شاہ ، سید رفاقت شاہ ، جاوید بٹ ، سیف چودھری ، ملک عدنان اقبال ایڈووکیٹ ، محمد عرفان ، نقاش بھٹی ، سمیت پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور کمیونٹی کے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔
چوہدری اخلاق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کا حل ہماری ترجیحات کا حصہ ہے ۔ بیرون ملک رہنے والا ہر شخص میرا بھائی ہے ۔ عمران خان ہی پاکستان کا وہ واحد لیڈر ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکالے گا ۔ اس وقت نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ملک میں کافی زیادہ مسائل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ نادان دوست جھوٹی افواہیں پھیلاتے ہیں کہ آزادکشمیر میں عدم اعتماد کی تحریک آرہی ہے لیکن اس میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ ہم عمران خان کی قیادت میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سردار تنویر الیاس کے ساتھ کھڑے ہیں۔