معمولی تلخ کلامی پر شوہر نے بیوی کی گردن کاٹ دی، موت کے بعد 10 منٹ تک بیلچے سے وار کرتا رہا
لکھنؤ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں سنگدل شوہر نے معمولی تلخ کلامی پر بیوی کو بیلچے سے قتل کردیا۔
بھارتی ٹی وی چینل نیوز 18 کے مطابق ملزم اجے کمار اور اس کی بیوی میں اکثر تو تکرار ہوتی رہتی ہے، مقتولہ کئی بار ناراض ہو کر اپنے گھر بھی گئی تاہم اہل خانہ اسے سمجھا بجھا کر واپس بھیج دیتے تھے۔ مقامی لوگوں کے مطابق مقتولہ چارپائی پر لیٹی ہوئی تھی اسی دوران اس کی شوہر سے معمولی تلخ کلامی ہوئی جس پر وہ طیش میں آگیا۔
ملزم اجے کمار نے بیلچے سے بیوی پر وار کیا اور اس کی گردن کاٹ دی، ملزم پر اتنا جنون سوار تھا کہ بیوی کو قتل کرنے کے بعد بھی اس کی تسلی نہ ہوئی اور تقریباً 10 منٹ تک مسلسل وار کرتا رہا۔ اس دوران اہل علاقہ اکٹھے ہوگئے جنہوں نے ملزم کی درگت بنانے کے بعد اسے پولیس کے حوالے کردیا۔