اوکاڑہ میں پنکھے سے لٹکتی خاتون کی لاش نے پولیس کو چکرا کر رکھ دیا
اوکاڑہ (ویب ڈیسک) اوکاڑہ کے تھانہ کینٹ کی حدود 17 فور ایل میں شادی شدہ خاتون کی موت معمہ بن گئی ہے، لاش پنکھے سے لٹکتی پائی جانے کے بعد پولیس تفتیش کر رہی ہے کہ موت قتل ہے یا خودکشی کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق خاتون کے ورثا کا الزام ہے کہ شوہر افتخار نے اپنی بیوی اقصیٰ کو نشہ آور چیز کھلا کر قتل کرکے لاش کو پنکھے سے لٹکا دیا۔قتل ہونے والی اقصیٰ بی بی چار ماہ کے بچے کی ماں تھی، جس کا خاوند ساتھیوں سمیت موقع سے فرار ہوگیا ہے۔ تھانہ کینٹ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش قبضہ میں لے کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
متوفی خاتون کی والدہ کی مدعیت میں داماد سمیت تین افراد کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ خاوند افتخار نے بیوی اقصیٰ کا قتل اس کے بھائی عمران کی طرف سے ملزم کی بھانجی کو طلاق دینے کی پاداش میں کیا۔
ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم تشکیل دے دی ہے، جبکہ لاش و پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کا قتل ہوا یا خودکشی ہے، اصل حقائق کا علم پوسٹمارٹم رپورٹ آنے پر ہوگا۔