پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ سیریز کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں: خواجہ سلمان رفیق

Sep 30, 2024 | 07:41 PM

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )صوبائی وزیر صحت و چیئرمین خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 14واں اجلاس  ہوا۔ اجلاس میں وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ بھر کے امن و امان کی صورتحال، پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز و دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محکمہ داخلہ کے متعلقہ افسران نے امن و امان بارے بریفنگ دی۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس کے دوران ڈی جی خان اور اٹک میں کومبنگ آپریشنز کیلئے پاکستان رینجرز کے 2 ونگز کی تعیناتی میں 6 ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔ اسی طرح میانوالی میں بارڈر چیک پوسٹس کیلئے رینجرز کی 1 کمپنی کی تعیناتی میں 3 ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران لاہور، فیصل آباد، اوکاڑہ، ڈی جی خان، رحیم یار خان اور راجن پور میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔

چیئرمین کابینہ کمیٹی و وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ ملتان اور راولپنڈی میں پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ صوبہ بھر میں امن کی فضاء کو قائم رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ امن کے دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔

سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل آئی جی چوہدری سلطان، ڈی آئی جی سپیشل برانچ سید خرم علی شاہ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان گوندل اور متعلقہ حکام  نے اجلاس میں شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان، کمشنرز، آر پی اوز اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے زریعے اجلاس میں شرکت کی۔

مزیدخبریں