یوایس اوپن :فیڈرر، فیرر، ماریا اور جلینا رے راﺅنڈ میں داخل

یوایس اوپن :فیڈرر، فیرر، ماریا اور جلینا رے راﺅنڈ میں داخل

  

نیویارک (اے پی پی) راجر فیڈرر اور ڈیوڈ فیرر فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے یو ایس اوپن کے تیسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئے۔ ویمنز سنگلز میں ماریا شراپوا، جلینا جانکووچ اور اینجلیق کربر نے دوسرا مرحلہ عبور کر لیا جبکہ سیکنڈ سیڈڈ سمونا ہالیپ اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق سیزن کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلم یو ایس اوپن کے دلچسپ مقابلے امریکا میں جاری ہیں۔ مینز سنگلز کے دوسرے راﺅنڈ میں سیکنڈ سیڈڈ سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر نے آسٹریلیا کے سیموئل گروتھ کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر تیسرے راﺅنڈ میں جگہ بنالی۔ سپین کے ڈیوڈ فیرر بغیر میچ کھیلے تیسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئے، ان کے آسٹریلوی حریف فٹنس مسائل کی وجہ سے میچ سے دستبردار ہوگئے۔ بلغاریہ کے گریگور دمتروف نے اسرائیل کے دودی سیلا کو شکست سے دوچار کیا۔ فرانس کے رچرڈ گیسکٹ نے اٹلی کے پائلو لورینزی کو ہرا کر تیسرے راﺅنڈ تک رسائی حاصل کی۔

 جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈیچ نے سخت مقابلے کے بعد سلواکیہ کے مارٹن کلزن کو ہرا کر اگلے راﺅنڈ میں جگہ بنائی۔ ویمنز سنگلز میں سیکنڈ سیڈڈ رومانیہ کی سمونا ہالیپ کروشیا کی مرجانہ لوکک کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ روسی ٹینس سٹار ماریا شراپوا نے جرمنی کی سبائن لیزکی کو 6-2 اور 6-4 سے ہرا کر تیسرے راﺅنڈ کےلئے کوالیفائی کیا۔

 سربیا کی جلینا جانکووچ نے سویڈن کی جوہانہ لارسن کو 6-1 اور 6-0 سے زیر کیا۔ جرمنی کی اینجلیق کربر نے سوئٹزرلینڈ کی بلینڈا بینکک کو شکست دی اور اگلے راﺅنڈ میں جگہ بنائی۔ چین کی شوائی پنگ، ڈنمارک کی کیرولین وزنیاکی اور اٹلی کی سیرا ایرانی نے بھی اپنے اپنے میچز جیت کر تیسرے راﺅنڈ کےلئے کوالیفائی کر لیا۔

 

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -