جماعتوں کی ہٹ دھرمی کے باعث مصالحتی کوششیں ناکام ہوئیں، وٹو
لاہور(نمائندہ خصوصی )پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے فوج کو اندرونی سیاست میں ملوث کرنے کی مخالفت کی اور کہا کہ فوج کا ملوث ہونا سیاستدانوں کی ناکامی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے تمام سیاستدانوں کے بالعموم اور احتجاج کرنیوالی جماعتوں کے بالخصوص سر شرم سے جھک جانے چاہئیں جنہوں نے اس سیاسی بحران کو پیدا کیا جس سے قوم کا مورال بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ احتجاج کرنیوالی جماعتوں کے کان پر ابھی تک اس ضمن میں جوں تک نہیں رینگی ہے۔ میاں منظور احمد وٹو نے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے قائدین کی مخلصانہ کوششوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آپس میں دست و گریباں جماعتوں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے انکی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں۔ فوج کو ملک کی اندرونی سیاست میں ملوث کرنا جمہوریت اور فوج دونوں کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے پاکستان عوامی تحریک ، تحریک انصاف اور حکومت سے پرزور اپیل کی کہ وہ فورًا لوگوں کو موجودہ غیر یقینی کے عذاب سے نجات دلائیں جس نے انکے اعصاب کو جکڑ رکھا ہے اور ملک کے طول و عرض میں مایوسی کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔