ریڈ زون میں دھرنے ملک کیخلاف گہری سازش ہے عابد شیر علی
ملتان(اے این این) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے ریڈ زون میں دھرنے ملک کے خلاف گہری سازش ہے،عمران خان اور طاہرالقادری خون خرابہ چاہتے ہیں،ہر جانے والے چیف جسٹس پر الزام تراشی اور یو ٹرن عمران خان کی عادت بن چکی ہے،اب ڈرامہ بند ہونا چاہیے۔ملتان میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے خلاف سازشیں کرنے والے کھلاڑی پچھلے دس سال حکومتوں میں رہے ہیں،ہم نے14 ماہ کے اندر کام کیا اور ہمارے خلاف ایک تماشہ کھڑا کیاگیا ہے،اپوزیشن کے الیکشن کے کمیشن کے حوالے سے تحفظات کو دور کرنے پر ہم نے آمادگی ظاہر کی، اسحاق ڈار طاہرا لقادری اور عمران خان کے پاس گئے وہاں گفت وشنید ہوئی اس کے باوجود وہ نہیں مان رہے ،اس سے ثابت ہوا کہ ان کا ایجنڈا انتخابی اصلاحات نہیں آئندہ انتخابات میں دھاندلی روکنے کا ایجنڈا نہیں ان کا اعتماد آزاد عدلیہ اور الیکشن کمیشن پر بھی نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے خود کہاکہ مجھے چیف جسٹس ناصرالملک پر اعتماد ہے، یہی الفاظ وہ افتخار محمد چوہدری کے لئے کہا کرتے تھے جس وقت افتخار محمد چوہدری ریٹائرڈ ہوئے تو عمران خان نے یو ٹرن لیا اور افتخار چوہدری پرالزامات لگادیئے۔ سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی پر بھی الزامات لگائے ہیں،چند ہزار لوگوں کواکٹھا کرکے اور پورے میڈیا کو کنٹرول کرکے پاکستان میں انتشار کی لہر پھیلائی جارہی ہے یہ پاکستان کے خلاف گہری سازش ہے۔دس بارہ ہزار لوگوں کو سڑکوں پر بٹھا کر پورے ملک کو پریشان کیاجارہا ہے۔ عمران خان تین گھنٹے کا خطاب کرتے ہیں ان کا خطاب ختم ہوتا ہے تو طاہرالقادری خطاب شروع کردیتے ہیں، یہ ڈرامہ لگا رہتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کو پاکستان کی عوام نے ووٹ دیئے ہیں پھر ہمارے خلاف سازشیں کیوں کی جارہی ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ دھاندلی والا الیکشن2002ءکا تھا، اس وقت عمران خان نے دھاندلی کی کوئی بات نہیں کی
عابد شیر علی