تحریک انصاف او ر عوامی تحریک کا حکومت کے خلاف ایف آئی آر درج کر انے کا اعلان

تحریک انصاف او ر عوامی تحریک کا حکومت کے خلاف ایف آئی آر درج کر انے کا اعلان
تحریک انصاف او ر عوامی تحریک کا حکومت کے خلاف ایف آئی آر درج کر انے کا اعلان

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کے ڈپٹی چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نہتے لوگوں پر  پولیس گردی کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لئے مشاورت کر رہے ہیں، عوامی تحریک نے  وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار کے خلاف ایف آئی آر درج کر وانے کا اعلان کر دیا۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ آزادی اور انقلاب مارچ کے شرکاءپرپولیس گردی کی گئی،ایف آئی آر درج کرانے کےلئے معلومات اکٹھی کر رہے ہیں اورقانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کرائیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پولیس کی جانب سے خواتین اور بچوں کے ساتھ میڈیا کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس والوں نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شفقت محمود اور عارف علوی کی گاڑیوں پر بھی حملہ کیا،کل سے 3 بار عمران خان کے پاس کنٹینر میں جانے کی کوشش کر چکا ہوں لیکن پولیس کی جانب سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انھوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف میری بات سن رہے ہیں تو ان سے کہتا ہوں کہ خدارا تو اس طوفان بدتمیزی کو بند کرنے کا حکم دیں اور فورا پولیس کو پیچھے ہٹنے کا حکم دیں، عوام مشتعل ہیں اور پولیس کی وردی کو دیکھ کر ان کے غصے میں اضافہ ہو جا تا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں پر تشدد سے گریز کیا جائے۔ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت اب حکومت کو نہیں بچا سکتی ،ملک میں ظلم اور جبر کی انتہا ہوچکی ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومتی مظالم کیخلاف میری اور عمران خان کی جنگ مشترکہ ہے اور ہم دونوں اس جنگ میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ طاہر القادری نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنے کے دوران مرنے والے کارکنوں کی موت کی ذمہ داری وزیر اعظم نو از شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان پر عائد ہوتی ہے اس لئے ان دونوں کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا جائے گا۔ دھرنے میں شریک کارکنوں کو صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد پیش کر تا ہوں ۔

مزید :

اسلام آباد -اہم خبریں -