تحریک انصاف کے کارکن جاتی امراءروانہ، میٹروبس سروس روڈ بھی بلاک کر دیا، پولیس کی بھاری نفری طلب

تحریک انصاف کے کارکن جاتی امراءروانہ، میٹروبس سروس روڈ بھی بلاک کر دیا، ...
تحریک انصاف کے کارکن جاتی امراءروانہ، میٹروبس سروس روڈ بھی بلاک کر دیا، پولیس کی بھاری نفری طلب

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے کارکن رائے ونڈ میں وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امراءکی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کارکنان پر مشتمل ایک بڑا قافلہ والٹن کے قریب پہنچ گیا ہے جس میں سینکڑوں کے حساب سے موٹر سائیکل سوار بھی شامل ہیں اور خواتین بھی موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماﺅں کی جانب سے قافلے میں شامل خواتین کو لالک جان چوک میں ہی رک کر احتجاج کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ مرد مظاہرین جاتی امراءکی جانب بڑھ رہے ہیں جو وہاں پہنچ کر احتجاج کریں گے۔

مظاہرین کی ایک بڑی تعداد فیروز پور روڈ پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی رہائش گاہ کے قریب بھی جمع ہوگئے ہیں اور ٹائر جلا کر میٹرو بس سروس کا روٹ بھی بند کر دیا ہے جس کے بعد حکومت نے میٹرو بس سروس کو معطل کر دیا ہے۔ مظاہرین نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے ہیں اور حکومت مخالف نعرہ بازی کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق کارکنان کے جمع ہونے کے بعد پولیس کی بھاری نفری کو شہباز شریف کی رہائش گاہ کے باہر تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ مزید نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -