دھوکہ بازوں نے فیس بک صارفین کو پھنسانے کے لئے شرمناک طریقہ اپنا لیا
دبئی سٹی (نیوز ڈیسک) انٹرنیٹ سکیورٹی کمپنی Symantec نے انکشاف کیا ہے کہ انٹرنیٹ پر فراڈ کرنے والے لوگ خوبرو حسیناﺅں کی تصاویر استعمال کرکے لوگوں کے پاس ورڈ اور دیگر خفیہ معلومات چوری کرنے کیلئے سرگرم ہوچکے ہیں۔
سکیورٹی کمپنی نے عرب ممالک کے شہریوں کو دھوکہ دینے کیلئے بنائے گئے پیجز کا انکشاف کیا ہے جن میں حسین خواتین اداکاراﺅں کی تصاویر استعمال کرکے لوگوں کو چیٹ کی دعوت دی جاتی ہے۔ اس چیٹ کے دوران صارفین کے یوزرنیم اور پاس ورڈ لئے جاتے ہیں جنہیں بعد میں مزید معلومات چرانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اسی طرح ایسی ویب سائٹس بھی عام ہوچکی ہیں جن کی شکل و صورت فیس بک جیسی بنائی گئی ہے اور ان پر جب صارفین اپنے پاس ورڈ داخل کرتے ہیں تو یہ فراڈیوں کے پاس پہنچ جاتے ہیں۔
اس فراڈ سے بچنے کیلئے Symantec نے مندرجہ ذیل مشورے دئیے ہیں:
٭ ایڈریس بار میں لکھے ویب سائٹ ایڈریس کو دیکھ کر جانچیں کہ کہیں آپ فراڈ ویب سائٹ تو وزٹ نہیں کررہے۔
٭ مشکوک ای میل مت کھولیں۔
٭ ای میل کے جواب میں پاس ورڈ وغیرہ نہ دیں۔
٭ مالی معلومات داخل کرتے وقت یقینی بنائیں کہ SSL سرٹیفکیٹ استعمال ہورہا ہے۔