عید صفائی مہم،البیراک نے 34اضافی گاڑیاں فیلڈ میں پہنچا دیں
لاہور(پ ر) البیراک ویسٹ مینجمنٹ کے زیرِ اہتمام عید الاضحی سے قبل شہر کی مختلف یونین کونسلوں میں اضافی وسائل اور مشینری کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔ اسی سلسلے میں عید سے دو روز قبل 34 اضافی گاڑیاں فیلڈ میں پہنچا دی گئی ہیں جن سے کوڑا کرکٹ اور آلائشوں کی موثر کلیکشن میں مدد ملے گی۔ مختلف یوسیز میں سینٹری ورکرز کو اضافی ہتھ گاڑیاں،کسیاں، بیلچے اور لمبے جھاڑو فراہم کر دئیے گئے ہیں۔یونین کونسلوں کی سطح پر 135صفائی و آگاہی کیمپس لگائے جائیں گے جہاں شہریوں کو ویسٹ بیگز کی فراہمی اور صفائی سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایات کے اندراج کی سہولت میسر ہوگی۔کیمپس کے قیام کا سلسلہ آج سے شروع کر دیا جائے گا۔ روزانہ کی بنیاد پر راوی زون، گلبرگ زون، داتا گنج بخش زون، عزیز بھٹی زون، واہگہ زون اور نشتر زون کی مساجداوردرسگاہوں کے گردونواح میں صفائی آپریشنز کرائے جارہے ہیں۔ البیراک کی جانب سے اجتماعی قربان گاہوں کی صفائی ستھرائی کیلئے 21 ٹریکٹر لوڈرز اور 45 ٹرالیاں تعینات کی گئی ہیں۔ البیراک کی حدود میں بکر منڈیوں اور اجتماعی قربان گاہوں میں مکینکل واشنگ اور سویپنگ باقاعدگی سے جاری ہے۔