عید کے دنوں میں شہرو دیہات کی سطح پر بھی آلائشوں کو فوری ٹھکانے لگایا جائے،بیگم ذکیہ
لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر تحفظ ماحول بیگم ذکیہ شاہنواز کی زیر صدارت عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بر وقت ٹھکانے لگانے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر نے ضلعی حکومتیں ،لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر متعلقہ اداروں کواپنے فرائض کی ادائیگی سے متعلق تاکید کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف شہری حدود بلکہ دیہات کی سطح پر بھی جانوروں کی آلائشوں کو فوری طور پر ٹھکانے لگایا جائے اس حوالے سے لوکل گورنمنٹ باقاعدہ پلان کے مطابق انتظامات کرکے بدبو اور تعفن پیدا نہ ہو نے دے ۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو تاکید کی کہ بقرہ عید پر کھلے عام سری پائے بھو ننے والوں کو اس عمل سے باز رکھا جائے اور ان بھٹیوں میں ٹائر جلانے والوں کے خلاف ماحولیاتی ایکٹ کے مطابق قانونی کارروائی کی جائے ۔
ڈائریکٹر تحفظ ماحول نسیم الرحمان شاہ نے اس حوالے سے بریفنگ دی ۔اجلاس میں متعلقہ اداروں کے نمائندگان اورمحکمہ تحفظ ماحول کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔