حکمران ملتان میٹرو بس کا ریکارڈ نذر آتش کرنے میں ناکام رہے،ولید اقبال
لاہور(نمائندہ خصوصی ) ولید اقبال صدر تحریک انصاف لاہور اور میاں حماد اظہر سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ حکمران ملتان میٹرو بس کاریکارڈ بروقت نذرآتش کرنے میں ناکام رہے اس لئے ان کی کرپشن پکڑی گئی۔ عوام کا ہاتھ اور اپناگریبان کی باتیں کرنیوالے شہبازشریف نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے وقت بھی یہی دعویٰ کیا تھا مگر بعد میں مکر گئے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا کہ ایل ڈی اے پلازہ میں آتشزدگی سے نصف درجن سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے حالانکہ حکمرانوں کو صرف ریکارڈ جلانا ہی مقصود تھا۔
ولید اقبال نے کہا کہ بڑے میاں تو بڑے میاں چھوٹے میاں بھی سبحان اللہ ہیں۔ ابھی چھوٹے میاں قوم کے سامنے جذبائی ہونے کی بجائے اس وقت کا انتظارکریں جب آتشزدگی کے واقعات اور کرپشن کے ریکارڈ جلائے جانے کے واقعات اور معاملات کھلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود جاتی امراء وزیراعظم ہاؤس بنا ہوا ہے عملاً نوازشریف ہی سارے معاملات دیکھ رہے ہیں مگر ’’مجھے کیوں نکالا‘‘ ان کی زبان سے ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔