امریکی صدر کے دھمکی آمیز پر پاکستانی قوم سراپااحتجاج ہے ’’خوددار پاکستان ریلی ‘‘

امریکی صدر کے دھمکی آمیز پر پاکستانی قوم سراپااحتجاج ہے ’’خوددار پاکستان ...

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستانی ایک غیرت مند قوم اور پاکستان ایک خوددار ملک ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے پاکستان کے خلاف دھمکی آمیز زبان استعمال کرنے پر پوری پاکستانی قوم سراپا احتجاج ہے۔ ہر پاکستانی جذبۂ جہاد سے سرشار ہے اور اگر کسی نے پاکستان کے خلاف جارحیت کے ارتکاب کی کوشش کی تو ہم اُس کے ناپاک عزائم کو بحیرہ عرب میں غرق کردیں گے۔ ہم اس خطہ میں اپنے ازلی دشمن بھارت کی تھانے داری قبول نہیں کریں گے۔ پاکستان کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں امریکی صدر کے بیان کیخلاف جو قراردادیں منظور کی گئی ہیں ہم اس کی بھرپور تائید کرتے ہیں،ہم اس معاملے پر حکومت پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ ہیں ۔ٹرمپ مودی گٹھ جوڑ اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے چیئرنگ کراس سے لاہور پریس کلب تک نکالی گئی عظیم الشان ’’خوددار پاکستان ریلی‘‘کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔اس ریلی کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے کیا تھا جس میں تمام اہم سیاسی جماعتوں ،سماجی، مذہبی و تاجر تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائدہ وفود نے شرکت کی۔سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان وچیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ریلی کے شرکاء کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ امریکہ افغانستان میں اپنی شکست کی خفت مٹانے کی خاطر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرا رہا ہے۔ 9/11کے بعد دہشت گرد ی کے خلاف جنگ میں امریکہ کااتحادی بننے کی پاداش میں پاکستانی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ چکا ہے،پاکستانی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت 70ہزارسے زائد پاکستانی شہید ہو چکے ہیں۔ اس کے باوجود امریکی صدر نے اپنے خطاب میں نہ صرف پاکستانی عوام اور فوج کی بیش قیمت قربانیوں کو یکسر نظر اندازکیابلکہ دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں مہیا کرنے کا بے بنیاد الزام بھی عائد کر دیا، ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ نظرےۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چےئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ پاکستانی عوام کسی غیر ملکی امداد کے ہرگز محتاج نہیں ہیں،وہ پنی مادرِ وطن کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔تحریک پاکستان کو کامیاب بنانے کیلئے بھی برصغیر کے مسلمانوں نے جان و مال کی بیش بہا قربانیاں پیش کی تھیں اور آج امریکہ اور بھارت کا مقابلہ کرنے کیلئے اگر ہمیں جان قربان کرنا پڑی تو اِس سے قطعاً گریز نہ کریں گے۔سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے کہا کہ ٹرمپ مودی گٹھ جوڑ کو ناکام بنانے کیلئے پوری پاکستانی قوم سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے متحد ہے۔اِس ریلی میں پاکستانی معاشرے کے ہر طبقے کے نمائندہ افراد کی موجودگی ثابت کرتی ہے کہ پاکستانی عوام دشمن کے مقابلے میں یکجان اور یک زبان ہیں۔ آج پاکستان کی پارلیمنٹ میں امریکی صدر کے بیان کیخلاف جو قراردادیں منظور کی گئی ہیں ہم ان کی بھرپور تائید کرتے ہیں۔ ہم حکومت پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ مشیر وزیراعلیٰ پنجاب رانا محمد ارشد نے کہا کہ موجودہ حالات میں جو امریکہ کا یار ہے‘وہ غدار ہے۔ہم بھارت سے بالکل خوفزدہ نہیں،جب اُس نے ایٹمی دھماکے کیے تھے تو ہم نے اُس کا منہ توڑ جواب دیا تھا۔وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ ہم سب پاکستانی اپنے وطن کے دفاع کیلئے متحد ہیں۔تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے کہا کہ امریکہ کی نئی افغان پالیسی نے پاکستان کے وجود اور آزادی کیلئے سنگین خطرات پیدا کردئے ہیں مگر اُنہیں نہیں معلوم کہ ہر پاکستانی جذبۂ جہاد سے سرشار ہے اور اگر کسی نے پاکستان کے خلاف جارحیت کے ارتکاب کی کوشش کی تو ہم اُس کے ناپاک عزائم کو بحیرہ عرب میں غرق کردیں گے۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرچوہدری محمد ذوالفقار ایڈووکیٹ نے کہا ہمیں نظرےۂ پاکستان کی جتنی ضرورت آج ہے‘ پہلے کبھی نہ تھی۔ہم امریکی صدرٹرمپ کی دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اُسے بتانا چاہتے ہیں کہ وہ نریندرا مودی کو ہمارا چوکیدار بنانے سے باز رہے۔جماعت اسلامی کے سیکرٹری اطلاعات امیرالعظیم نے کہا ہمیں امریکی امداد قبول نہیں کرنی چاہئے ۔ اگر ہم امریکی مال کا بائیکاٹ شروع کردیں تو ہمیں امریکی امداد کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔ ہم پاکستانیوں کے بہنے والے خوان کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔سکھ رہنما سردار بشپ سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ متحد اور پاک فوج کے ساتھ ہیں

خوددار پاکستان ریلی

مزید : علاقائی