قائم مقام گورنر سندھ نے 15 روزہ آرٹ نمائش کا افتتاح کردیا

قائم مقام گورنر سندھ نے 15 روزہ آرٹ نمائش کا افتتاح کردیا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے نیشنل میوزیم میں صوبائی ثقافت اور بھٹو خاندان کی تصاویر کی 15 روزہ نمائش کا افتتاح کردیا ہے ، آرٹ گیلری میں سندھ کی ثقافت اوربھٹو خاندان کی تصاویر کو پینٹنگ سے اجاگر کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر قائم مقام گورنر سندھ نے کہا کہ یہ ایک اچھی کاوش ہے اس کی بھرپور حوصلہ افزائی ہو نا چاہئے اس ضمن میں ، میں پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کو آرٹسٹ حیا امیر فرخ کا پیغام دوں گا کہ وہ بھی اس آرٹ گیلری کا دورہ کریں ۔ انہوں نے آرٹسٹ حیا امیر فرخ کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پینٹنگ کے ذریعہ سندھ کی ثقافت اور بھٹو خاندان کو بڑی خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا ہے، یہ بہت محنت طلب کام ہے لیکن آرٹسٹ نے بڑی مہارت سے اپنی صلاحیتوں کا زبردست لوہا منوایا ہے ، اس قسم کی پینٹنگ کو عالمی مقابلوں میں رکھاجانا چاہئے تاکہ عالمی سطح پر سندھ کی ثقافت اور بھٹو خاندان کو بہتر انداز میں پیش کیا جا سکے ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت میں قائم مقام گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ کی ثقافت کو مزید بہتر انداز میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اس ضمن میں حکومت بھرپور اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پہلے کچھ ادارے وفاقی حکومت کے پاس اور کچھ ادارے صوبائی حکومت کے پاس تھے لیکن 18 ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو متعدد ادارے منتقل کئے گئے ہیں جنھیں صوبائی حکومت نے مختلف محکموں میں ضم کردیا ہے لیکن شاید ان کے بجٹ کی منظوری کے مسائل باعث وہ ادارے فعال کردار ادا نہیں کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت کے لئے مربوط اور موئثر اقداما ت کو ہر صورت یقینی بنائیں گے ، کینوس پینٹنگ کے ذریعہ سندھ کی ثقافت کو جس انداز میں پیش کیا گیا اسے سراہا جانا چاہئے یہی ایک آرٹسٹ کے کام کی خوبصورتی ہوتی ہے کہ وہ اپنے وژن کے مطابق اپنے کام پر بھرپور توجہ مرکوز کرتا ہے ہمیں ان نئے آرٹسٹ کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنا چاہئے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق گورنر وفاق کا نمائندہ اور صدر مملکت اور وزیر اعظم کو جو ابدہ ہو تا ہے، صوبہ میں کسی بھی کام کی نگرانی با الخصوص وفاق کے زیر نگرانی چلنے والے منصوبوں اس کی اولین ترجیح ہوتی ہے ، اسمبلی کے بل کو بھی گورنر سندھ پاس کرنے یا نہ کرنے کا حق رکھتے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں قائم مقام گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردی کی عالمی جنگ میں دنیا کو پاکستان کی قربانیوں کوتسلیم کرنا چاہئے ، امریکی صدر کے بیان پر افسوس ہوا ، پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے جو اپنے دفاع کا حق کرنا جانتا ہے کسی کو بھی غلط فہمی میں رہنے کی ضرورت نہیں مادر وطن کے لئے ہم سب ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں ۔ قائم مقام گورنر سندھ نے مقامی صحافی کے ساتھ ہونے والے سلوک پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث افسران کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے ، حکومت میڈیا کی آزادی پر بھرپور یقین رکھتی ہے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول