کراچی سمیت اندرون سندھ اور پنجاب کے کئی شہروں میں بارشیں

کراچی سمیت اندرون سندھ اور پنجاب کے کئی شہروں میں بارشیں

کراچی، لاہور(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) مون سون کے نئے سسٹم نے کراچی سمیت اندرون سندھ میں موسلا دھار بارشیں برسانا شروع کردی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم سندھ میں داخل ہو گیا ہے جس کے باعث حیدر آباد، تھر پا ر کر اور بدین سمیت سندھ کے دیگر ساحلی علاقوں جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کیساتھ بارش شروع ہو گئی ہے۔کراچی میں سی ویو، دو دریا، مویشی منڈی، ملیر اور ایئرپورٹ کے علاقوں میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش جبکہ آلودہ ہوائیں چلنے کے باعث حد نگاہ بھی انتہائی کم ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ موسمیاتی خبر دینے والی متعدد ویب سائٹس کے مطابق آج رات گئے شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جا ئے گا جس میں گرج چمک کا عنصر بھی نمایاں ہوگا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ممبئی میں شدید بارشوں کا باعث بننے والا سسٹم اور را جستھا ن میں بننے والا کم دباؤ اب مل کر ایک ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے اس کی شدت بھی بڑھ گئی ہے۔ ہوا کے کم دباؤ کی شدت میں اضافے کی وجہ سے اس کی رفتار بھی کم ہوگئی ہے۔ یہ سسٹم کراچی اور بلوچستان کے دیگر ساحلی علاقوں کو بتدریج اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے اور بدھ کی شام سے شہر قائد میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگا جو کہ جمعے تک جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے دو روز قبل ہی الرٹ جاری کیا گیا تھا جس میں شدید بارشوں کی صورت میں کراچی میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ماہی گیروں کو بھی کھلے سمندر میں جانے سے گریز کی ہدایت کی گئی تھی۔محکمہ موسمیات کے الرٹ کے بعد سندھ حکومت اور کے ایم سی نے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ صوبائی حکومت کا کہنا ہے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ معمول سے زیادہ بارش کی صورت میں تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کردیا جائے گا۔دوسری جانب شہر کے کئی برساتی نالے عدم توجہ کے باعث بند پڑے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں اضطراب کی کیفیت پائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ عید الضحیٰ کیلئے سپر ہائی وے پر لگائی گئی مویشی منڈی کی صورتحال بھی انتہائی خراب ہے۔ بارشوں کے باعث خریدار نہ ہونے اور ناقص سہولیات کے باعث بیوپاریوں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔ حیدرآباد میں تیز بارش کے باعث لطیف آباد اور قاضی قیوم روڈسمیت کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔تھر پا رکر، ننگرپارکر اور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش جاری ہے جبکہ نوابشاہ اور ٹنڈوالہ یار میں بادل خوب برسے جس سے نشیبی علاقے زیر آ ب آگئے۔ محکمہ مو سمیات کے مطابق آج سے جمعے تک حیدرآباد، میرپور خاص، نواب شاہ، سکھر اور لاڑکانہ میں آندھی کیساتھ بارش ہوگی۔ بلوچستان کے کئی اضلاع میں بھی جمعے تک موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ادھر انتظامیہ نے کراچی کے شہریوں کیلئے ممکنہ بارش کے پیش نظر ایمرجنسی نمبر جاری کیے گئے ہیں۔جن میں ایدھی انفارمیشن کیلئے115، 02132310066، 02132310077 ،پولیس ہیلپ لائن کیلئے 15، 02199212652،02199212634 ،فائر بریگیڈ کیلئے 16، 02199215007، 02199215008 ،جبکہ بجلی سے متعلق شکایات کیلئے 118 پررابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ریلوے انکوائری کیلئے 02199213565 ،پی آئی کی انکوائری کیلئے 02199071284، 02199071259 ،ایئرپورٹ فلائٹ انکوائری کیلئے114 پرکالز کی جا سکتی ہیں ۔

سندھ بارشیں

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، مری میں بوندا باندی سے وادی کا حسن نکھر گیا، پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے۔ لاہور اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، لاہور میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے، شہر میں ایئرپورٹ، کینٹ، ڈیفنس، جوہر ٹاؤن اور ٹھوکر نیاز بیگ سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس کے ساتھ ہی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث مختلف علاقوں میں پانی بھی جمع ہو گیا۔ بادل برستے ہی لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔سرگودھا میں گرج چمک کیساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ چنیوٹ اور جھنگ میں بھی تیز بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقو ں میں پانی جمع ہو گیا۔ مری اور اس کے گرد و نواح میں بوندا باندی نے وادی کے حسن میں اضافہ کر دیا۔کئی علاقوں میں بجلی بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پنجاب بارشیں

مزید : کراچی صفحہ اول