پشاور سمیت تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کی تزئین و آرائش پر 6ارب روپے خرچ کیے جائینگے :عنایت اللہ

پشاور سمیت تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کی تزئین و آرائش پر 6ارب روپے خرچ کیے ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ نے کہاہے کہ پشاورسمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرکی تعمیر وترقی اورخوبصورتی کے منصوبوں پر 6 ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں جبکہ ڈویژنل ہیڈکوارٹر کی ترقی وخوبصورتی ،صحت وصفائی ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اورکشادہ سڑکیں مخلوط حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے سے کرپشن وکمیشن کلچر کا خاتمہ کردیا گیاہے اورہمارے دور میں بہترین کارکردگی اورنیلامی کے طریقہ کار میں شفافیت سے محکمہ بلدیات پرعوام کا اعتماد بحا ل ہوگیا ہے ۔یہ بات انہوں نے پشاورمیں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وفود نے پشاور،ہری پور ،مردان اوردیر بالا کی مختلف یونین کونسلوں سے متعلق مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ نے وفود کی معروضات غورسے سنی اورانہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکاما ت بھی جاری کیے ۔ اس موقع پر سینئر وزیر نے کہا کہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا اورہم پر اعتماد کیا تاہم اسلامی معاشی نظام کا نفاذ اورعوامی خدمت ہماراایجنڈا ہے اور مخلوط حکومت نے بدعنوانی وکمیشن کلچرکا قلع قمع کرنے کے لئے مثالی قانون سازی واقدامات کئے اورعوام کی محرومیوں کے ازالے کے لئے نظام میں ایسی تبدیلیاں وضع کی ہیں جن کی بدولت آج عوامی مسائل خود حل ہونے شروع ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل ومشکلات کا انہیں بخوبی احساس ہے اورسماجی شعبوں کی ترقی پر بھر پورتوجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ لہٰذا عوام بھی ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے متحد ہوکر آگے آئیں اوراپنا مثبت کردار بھی ادا کریں ۔اس موقع پر وفود نے سینئر وزیر کی جانب سے صوبے کے ترقی کے لئے کی گئی کاؤشوں کوسراہا اوراپنے بھر پورتعاون کایقین دلایا۔

مزید : کراچی صفحہ اول