بچوں پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کررہے ہیں ،شمیم ممتاز

بچوں پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کررہے ہیں ،شمیم ممتاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کی مشیر برائے سوشل ویلفئر شمیم ممتاز نے کہا ہے کہ بچوں کے تحفظ کے نظام کو سائنسی بنیادوں پر مضبوط بنایا جارہا ہے بچوں پر تشدد اور جنسی زیادتی کے واقعات میں تحفظ دینے کے لئے پولیس کا بنیادی کر دار ہے ۔ محکمہ داخلہ حکومت سندھ نے چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کی مدد کے لئے کراچی ، حیدر آباد، میر پور خاص، شہید بینظیر آباد ، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں ایس پی رینک کے فوکل پرسن مقرر کئے ہیں جبکہ گھوٹکی میں کم عمر شادی اور زبردستی مذہب تبدیلی کے واقعات کے باعث ضلع کے لئے علیحدہ پولیس فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں بچوں کے تحفظ سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سیکریٹری سماجی بہبود عالیہ شاہد ، ڈائریکٹر جنرل سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی عبدالواحد لغاری، کراچی ڈویژن پولیس فوکل پرسن پی ایس پی فیض اللہ کوریجو، بچوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی این جی او اسپارک کے کاشف بجیر و دیگر نے شرکت کی ۔ مشیر سماجی بہبود نے بتایا کہ سکھر رینج کے لئے پی ایس پی محمد راشد ہدایت، لاڑکانہ کے لئے پی ایس پی محمد فاروق بھٹو، شہید بینظیر آباد کیلئے محمد بچل شیخ پی ایس پی، حیدر آباد کے لئے وصی حیدر پی ایس پی ، کراچی کے لئے فیض اللہ کوریجو پی ایس پی، میر پور خاص رینج کے لئے ڈی ایس پی محمد منٹھار اور ضلع گھوٹکی کے لئے ایس ایس پی عبد العزیز لغاری کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نچلی سطح تک پولیس کے عملہ کو بچوں کے حقوق سے متعلق آگاہی دئے جانے کی ضرورت ے کیونکہ بچوں پر تشدد اور گمشدگی جیسے واقعات کی ایف آئی آر درج کرنے میں تاخیر اور سستی کی جاتی ہے۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ انہوں نے محکمہ داخلہ میں اعلیٰ سطح پر یہ معاملہ اٹھایا ہے اسپارک اور چائلڈ رائیٹس موومنٹ سندھ کے تعاون سے سماجی بہبو د کے چائلڈ رائٹس یونٹس کے افسران اور پولیس اہلکاروں کے لئے بچوں کے حقوق سے متعلق تربیتی پروگرام ترتیب دئے جا رہے ہیں تاکہ سسٹم کو مضبوط بنایا جا سکے اور بچوں پر تشدد کے واقعات میں فوری ایکشن کو یقینی بنایا جاسکے۔ شمیم ممتا ز نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں عید کے بعد کراچی، حیدر آباد ، میر پور خاص ریجن کے اہلکاروں کے لئے کراچی میں تربیتی پروگرام منعقد کیا جائے گا دوسرے مرحلہ میں شہید بینظیر آباد سکھراور لاڑکانہ ریجن کے لئے سکھر میں تربیتی ورکشاپ منعقد کی جائے گی۔ اس موقع پر کراچی ریجن کے پولیس فوکل پرسن پی ایس پی فیض اللہ کوریجو نے کہا کہ بچوں کے حقوق سے متعلق پولیس کی تربیت اہم ہے۔ کچھ دن قبل غیر سرکاری تنظیم کے تعاون سے حیدر آباد اور میر پور خاص میں چھوٹی عمر کی شادی سے متعلق تربیتی پروگرام کئے گئے ہیں ایسے پروگراموں سے بچوں کے حقوق کے لئے ماحول سازگار بنانے میں مدد ملے گی ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر