ممبئی میں 3 منزلہ رہائشی عمارت منہدم، 9 افراد ہلاک ، متعدد زخمی، 20ملبے تلے دب گئے

ممبئی میں 3 منزلہ رہائشی عمارت منہدم، 9 افراد ہلاک ، متعدد زخمی، 20ملبے تلے دب ...
ممبئی میں 3 منزلہ رہائشی عمارت منہدم، 9 افراد ہلاک ، متعدد زخمی، 20ملبے تلے دب گئے

  


ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے سب سے بڑے شہر ممبئی کے بھنڈی بازار میں شدید بارشوں کے باعث ایک تین منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہوگئی، عمارت گرنے کی وجہ سے 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عمارت کے ملبے میں 20 سے زائد افراد دبے ہوئے ہو سکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دو روز کی طوفانی بارشوں کے باعث بھنڈی بازار کے مولانا شوکت علی روڈ پر پرانی عمارت عرشی والا منہدم ہوگئی۔ عمارت میں دو درجن سے زائد لوگ رہائش پذیر تھے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کئی گھنٹوں کیامدادی کارروائیوں کے باوجود اب بھی 20سے زائد افراد ملبے تلے دبے ہوئےہیں۔

جائے حادثہ پر ریسکیو کی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک ملبے سے 9 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ کئی زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ایک ریسکیو ورکر کا کہنا ہے کہ انہیں عمارت گرنے کی اطلاع 8 بج کر 40 منٹ پر موصول ہوئی جس کے چند منٹوں میں ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔

واضح رہے کہ ممبئی میں 2 روز تک مسلسل بارشوں کی وجہ سے معمولات زندگی سخت متاثر ہوئے ہیں، منگل کے روز گزشتہ 12 سال کی سب سے زیادہ بارش ہوئی تھی۔

مزید : بین الاقوامی /اہم خبریں