جشن آزادی فٹبال ٹورنامنٹ،جی ایٹ یونائیٹڈ کوارٹر فائنل میں

جشن آزادی فٹبال ٹورنامنٹ،جی ایٹ یونائیٹڈ کوارٹر فائنل میں

  

اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام جاری جشن آزادی فٹ بال ٹورنامنٹ میں جی ایٹ یونائیٹڈ کلب نے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا جبکہ ہما کلب کی ٹیموں کو سخت ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،اکبر کلب اور قائداعظم کلب پہلے ہی کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہیں، ٹی اینڈ ٹی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں جی ایٹ یونائیٹڈ کلب نے ہماکلب کو 6۔4 پنلٹی ککس سے ہر اکر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے،مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں 1۔1 گول سے برابر رہیں،پہلے ہاف کے 30 ویں منٹ میں ہما کلب کے عامر نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جس کو دوسرے ہاف کے 20 ویں منٹ میں جی ایٹ یونائیٹڈ کلب کے افتخار نے گول کرکے مقابلہ 1۔1 گول سے برابر کر دیا جو مقررہ وقت تک جاری رہا،شائقین کو یہ میچ دیکھنے کا بڑا دلچسپ موقع ملا کہ ہماکلب کو وفاقی دارالحکومت کی کئی بار کی چیمپئن ہونے کے ساتھ ، ساتھ قومی لیگ کھیلنے کا بھی اعزاز حاصل ہے اور میچ کے دوران ہماکلب کے کھلاڑی بے بس دیکھائی دیئے اور مزید گول نہ کر سکے،ہماکلب کو پری کوارٹر فائنل میں رکھا گیا تھا جبکہ جی ایٹ یونائیٹڈ کلب کی ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ سے تین میچ کھیل کر پری کوارٹر فائنل تک پہنچی، میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا، جی ایٹ یونائیٹڈ کلب نے پانچ اور ہماکلب نے تین گول کئے، فاتح ٹیم جی ایٹ یونائیٹڈ کلب کی طرف سے عبید، عبداللہ، نعمت اللہ، دنیال اور افتخار نے ایک، ایک گول کیا جبکہ ہماکلب کی جانب سے عمران جونیئر، عامر اور سمیع نے ایک، ایک گول کیا، ریفری کے فرائض محمد ابراہیم نے انجام دیئے۔

جبکہ میچ کمشنر شاہد صدیق تھے جی ایٹ یونائیٹڈ کلب کے کوچ دنیال بخاری نے ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری ٹیم کے کھلاڑی تمام میچوں میں متحد ہوکرجذبے کے ساتھ کھیلے اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں فتح نصیب کی اورہماری کامیابی سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ ایک سال کے عرصہ میں کسی ایسے ٹورنامنٹ بڑے ایونٹ میں کامیابی حاصل کرتی جا رہی، دنیال بخاری جو کہ اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری کے صاحبزادے ہیں نے امید ظاہر کی ہے کہ جی ایٹ یونائیٹڈ کلب کا آئندہ کوارٹر فائنل میں مقابلہ غوری کلب کے ساتھ ہوگا اور اگر کھلاڑی اسی جذبے اور متحد ہو کر کھیلے تو انشاء اللہ ہماری جیت ہوگی،واضع رہے کہ جی ایٹ یونائٹیڈ کلب نے پہلے میچ میں بلتستان کلب کو 2۔0 گول سے، دوسرے میں اسلام آباد یونائٹیڈ کو 2۔1 سے، تیسرے میچ میں گنگال کلب کو 4۔2 سے جبکہ چوتھے میچ میں ہماکلب کے خلاف 6۔4 پنلٹی ککس سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -