نئی حکومت پہلے دس دنوں میں ہی ایکسپوز ہو چکی ،اویس نورانی

نئی حکومت پہلے دس دنوں میں ہی ایکسپوز ہو چکی ،اویس نورانی

  

لاہور (پ ر) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے سیکریٹری اطلاعات صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ نئی حکومت پہلے دس دنوں میں ہی ایکسپوز ہو چکی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے بجلی مہنگی کر کے عوام کو پہلا تحفہ دیا ہے۔ کھاد کی قیمتوں میں تازہ اضافہ کسان دشمنی ہے۔ چیئرمین نیب کی وزیراعظم سے ملاقات پر کئی سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔ نیب کی غیر جانبداری مشکوک ہو چکی ہے۔ صدارتی الیکشن میں اپوزیشن کی تقسیم کے پیچھے خفیہ ہاتھ کار فرما ہیں۔

عمران خان کا وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد مزار قائد پر حاضری نہ دینا افسوسناک ہے۔ اپوزیشن اور حکومتی جماعت میں ون ٹو ون مقابلہ ہوتا تو حکومت کا صدارتی امیدوار ہار جاتا۔ پیپلز پارٹی اپنا صدارتی امیدوار دستبردار کروا کر اپنا وزن حکومت کی بجائے اپوزیشن کے پلڑے میں ڈالے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپوزیشن جماعتوں کے راہنماؤں سے رابطوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ سادگی کا علمبردار وزیراعظم ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کر کے اپنے دعووں کی نفی کر رہا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت کی نا تجربہ کاری اور غیر سنجیدگی ہر روز کھل کر سامنے آ رہی ہے۔ تحریک انصاف میں بغاوت کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔ نئی حکومت نے پہلے سو دنوں میں ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ پورا نہ کیا تو عوام شدید رد عمل ظاہر کرے گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -